• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کا دورہ امریکا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کرے گا

وزیر اعظم کا دورہ امریکا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اجاگر کرے گا


اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکا مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اُجاگر کرے گا۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیر اعظم جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تسلط اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے آج نیو یارک پہنچیں گے۔

عمران خان پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ سے سعودی ایئرلائن کی چارٹرڈ پرواز سے امریکا روانہ ہوئے۔ سعودی اعلیٰ حکام، سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کہا۔

وزیراعظم 7روزہ دورے میں 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوگی، اس ملاقات میں بھی مسئلہ کشمیر اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔

دورہ امریکا کےدوران وزیراعظم عمران خان مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ماحولیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی سے متعلق اجلاسوں میں بھی وزیراعظم شریک ہوں گے۔

وزیراعظم ماحولیاتی تحفظ اور غربت میں کمی سے متعلق سیمینار اور نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے سے متعلق مباحثے سے بھی خطاب کریں گے۔

امریکا روانگی سے پہلے وزیراعظم نے مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔ مکہ مکرمہ میں ان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا تھا۔

تازہ ترین