قصور کی تحصیل چونیاں میں بچوں کےاغوا اور قتل کے واقعات کے خلاف کسان بھی سراپاء احتجاج بن گئے۔
یہ بھی پڑھیے: قصور میں بچوں سے زیادتی، بڑے لوگ ملوث پائے گئے
چونیاں کے کسانوں نے 3 بچوں کی ہلاکت کےخلاف الٰہ آباد روڈ پر احتجاج کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ درندہ صفت مجرموں کوجلد از جلد پکڑا جائے اور عبرت ناک سزا سرعام پھانسی دی جائے اور بچوں کے ساتھ سفاکیت کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
کسانوں نے اس واقعےکےخلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، چونیاں سانحہ کو 6 روز گزر گئے ہیں مگر ملزموں کی گرفتاری نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔
احتجاج کے دوران کسانوں نے مزید کہا کہ متاثرہ فیملیوں کو انصاف کی فراہمی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
واضح رہے کہ چونیاں میں اغوا کے بعد قتل کئے گئے 3 کم سن بچوں کی لاشیں اور باقیات ملے 6 روز گزر گئے ہیں مگر اس اندوہناک واقعے کے بعد ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔