• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا کوچ ٹیم پرانی، مصباح کاسری لنکا کیخلاف زیادہ تبدیلیوں سے گریز

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کپتان سرفراز احمد کی بیٹنگ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کو پانچویں نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرفراز احمد ورلڈ کپ میں نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرتے رہے تھے۔ مکی آرتھر کے جانے کے بعد بھی پرانی ٹیم ہی میدان میں اترے گی۔ ورلڈ کپ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد حفیظ کی جگہ افتخار اور شاہین کی جگہ عثمان شنواری لیں گے۔ افتخار احمد چھ نمبر پر کھیلیں گے۔ ان فٹ شاہین آفریدی کی جگہ عثمان شنواری کھیلیں گے۔ ورلڈ کپ میں سرفراز احمد نے بنگلہ دیش کے خلاف ساتویں نمبر پر کھیلتے ہوئے تین ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ پاکستان نے میچ 94 رنز سے جیت لیا۔ لیڈز میں افغانستان کے خلاف18 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے انہوں نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کی۔ برمنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ناٹ آئوٹ، لارڈز میں جنوبی افریقا کے خلاف دو ناٹ آئوٹ، بھارت کے خلاف بارہ، ٹائونٹن میں آسٹریلیا کے خلاف 40، انگلینڈ کے خلاف55 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف8 رنز بنائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان کی اننگز امام الحق کے ساتھ فخر زمان شروع کریں گے۔ بابر اعظم ون ڈائون اور حارث سہیل چوتھے نمبر پر آئیں گے۔ سرفراز احمد کے لئے نمبر پانچ فکس کردیا گیا ہے۔ شاداب خان اور عماد وسیم اسپن بولنگ آل رائونڈرز ہوں گے جبکہ فاسٹ بولروں میں محمد عامر، وہاب ریاض اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

تازہ ترین