سعودی عرب کی میزبانی میں 13 اور 14 اکتوبر 2019ء کو بین الاقومی تفریحی شعبے کی صنعت کے فروغ کے لیے دارالحکومت ریاض میں ایک بین الاقوامی فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ریاض کے پنج ستارہ ہوٹل میں منعقدہ اس فورم کی تفریحی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔’’جوائے فورم‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب کا مقصد عالمی تفریحی صنعتی شعبے میں سعودی عرب کی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔
مملکت میں بین الاقوامی تفریحی صنعت فورم کا انعقاد ویژن 2030ء کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد مملکت کی تفریحی صنعت کو ترقی دینا، اسے بڑے پیمانے پر تفریحی پروگراموں کے لئے بین الاقوامی مرکز بنانا، تفریحی صنعت سے وابستہ کاروبار اور ہنر کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرنا اور ریاست کے انفراسٹرکچر سمیت ملک کے تمام متعلقہ پلیٹ فارمز، میں تخلیق اور ترقی کے لیے مضبوط شراکت داری تشکیل دے کر ایک پرکشش سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ ملک میں تفریحی صنعت کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دیا جا سکے۔
اس موقعے پر جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ کے 'سی ای او’عمر باناج‘ نے زور دیا کہ مملکت اس شعبے میں ایک نمایاں ماڈل پیش کرکے تفریحی صنعت کی طرف اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مملکت آج اپنی حیثیت اور قابلیت کو ثابت کرنے اور تجربے کی مدد سے اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے پوری دنیا کے اعتماد اورفراخ دلی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
فورم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفریحی صنعت کا عالمی فورم متحرک اور پائیدار تفریحی شعبے کی تعمیر کا پہلا قدم ثابت ہوگا۔ باناج کا کہنا تھا کہ انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے اپنی متعدد سرگرمیوں کے ذریعے ملک میں تفریحی صنعت کے فروغ کے لیے عالمی تفریحی فورمز کے انعقاد کے علاوہ کئی دوسری سرگرمیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔
ہم مملکت میں نئی نسل کے لیے تفریح کے بین الاقوامی معیار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ اس صنعت کو جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ترقی کی منازل سے ہم کنار کرنا چاہتےہیں۔ سعودی عرب میں بین الاقوامی تفریحی فورم کو ملک میں تفریحی پروگراموں کی ترقی کے مستقبل کے لیے ایک اہم موڑ کی حیثیت سے دیکھا جارہا ہے۔
اس فورم میں اندرون اور بیرون ملک سے تفریحی شعبے سے وابستہ مقررین ، ماہرین ، چیف ایگزیکٹیو، دانشور اور کمپنیوں کے منتخب نمائندے اور ہالی وڈ اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیات بھی شرکت کریں گی۔