• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلوں کو بچانا ہے تو کے الیکٹرک کیخلاف آواز اٹھائیں: مصطفیٰ کمال


پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال ایک بار پھر کے الیکٹرک پر برہم ہو گئے، ان کا کہنا ہے کہ اگر لوگوں نے اپنی نسلوں کو مرنے سے بچانا ہے تو کے الیکٹرک کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی۔

سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کے الیکٹرک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’کشمیریوں کی اخلاقی مدد سے آگے بڑھ کر مدد کی جائے‘‘

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے بیسیوں اموات ہوئیں لیکن کے الیکٹرک والوں کو بلا کر نہیں پوچھا گیا، کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا کہ دس منٹ کی بارش میں لوگ مر جائیں۔

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں نے اپنی نسلوں کو مرنے سے بچانا ہے تو کے الیکٹرک کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی، کراچی میں پہلے تو ہلاکتیں نہیں ہوئیں، اب کے الیکٹرک ایسا کیا کر رہی ہے؟

سندھ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کچرا اٹھا نہیں رہی اور کچرا پھینکنے پر پابندی لگا رہی ہے، شہری کچرا باہر نہ پھینکیں تو کیا گھر میں رکھیں؟

مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا کہ کچرا اٹھانے کی ذمے داری پوری نہ کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب لائحہ عمل کے منتظر ہیں۔

اس سے قبل چیئرمین پاک سر زمین پارٹی کے خلاف سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں وکیلِ صفائی نے مصطفیٰ کمال پر لگائے گئے نیب کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال سارے معاملے میں بالکل بینیفشری بھی نہیں ہیں۔

وکیلِ صفائی کی جرح پر عدالت نے 15 اکتوبر کو نیب پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔

تازہ ترین