• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وحید مراد کا 81 واں یوم پیدائش


ماضی کے مشہور اداکار اور چاکلیٹی ہیرو کا خطاب پانے والے پاکستانی رومینٹک ہیرو وحید مراد کے آج 81 ویں یوم پیدائش کے موقع پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

سانولی صورت ،خوبصورت نشیلی آنکھیں، خوش لباس اور اعلیٰ تعلیم یافتہ وحید مراد 2 اکتوبر 1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی ہیرو کو اتنی پذیرائی حاصل نہیں ہوئی جتنی ان کو حاصل ہوئی۔

وحید مراد معروف فلمساز و تقسیم کار نثار مراد کی اکلوتی اولاد تھے، 1961ء میں انہیں ایس ایم یوسف کی فلم ’اولاد‘ میں ایک اہم کردار کے لیے پہلی بار کاسٹ کیا گیا اور یوں بطور اداکار وحید مراد کی پہلی فلم ’اولاد‘ اگست 1962ء میں ریلیز ہوئی اور گولڈن جوبلی کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 124فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں 1 پشتو اور 8 پنجابی فلمیں بھی شامل ہیں۔

 انہوں نے اپنی ذاتی فلموں ’سمندر‘ اور ’اشارہ‘ میں اپنی آواز میں گانے بھی گائے اور وہ چار فلموں ’ارمان، احسان، اشارہ اور ہیرو‘ کے مصنف بھی رہ چکے ہیں۔

وحید مراد کو فنی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیے گئے۔ انہوں نے دل میرا دھڑکن تیری، ہیرا اور پتھر اور ارمان سے شہرت حاصل کی۔

وحید مراد کو پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم ’ارمان‘ کا فلم ساز، مصنف اور ہیرو ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ فلم 1965ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

ان کا 25 سالہ فنی سفر انتہائی کامیابیوں و کامرانیوں سے مزین رہا، وہ بیک وقت اداکار، پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ وحید مراد 23 نومبر 1983ء کو صرف 45 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

تازہ ترین