• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین ہفتے سے ہزاروں افراد کے ڈرائیونگ لائسنس نہ بن سکے

کراچی (ثاقب صغیر/اسٹاف رپورٹر) ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں کنٹریکٹر کی مبینہ غیر ذمہ داری اور نااہلی کے باعث ہزاروں افراد کے لائسنس نہ بن سکے،بیرون ملک جانے والے شہریوں کے بھی انٹرنیشنل لائسنس بروقت نہ ملنے کے باعث پریشانی کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گذشتہ تین ہفتے سے ہزاروں افراد کے ڈارئیونگ لائسنس نہ بن سکے۔کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیئے آنے والے شہریوں کو تین سے چار دن میں جبکہ اندرون سندھ ایک ہفتے کے اندر ڈرائیونگ لائسنس نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے انکے گھروں پر پہنچائے جاتے ہیں تاہم گذشتہ تین ہفتے کے دوران ہزاروں شہریوں نے اپنے لائسنس کے لیئے اپلائی کیا لیکن انکے لائسنس انھیں نہ مل سکے۔بیرون ملک جانے والے شہریوں کو انٹرنیشنل لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ان شہریوںکو بھی لائسنس بر وقت نہ ملنے کے سبب انھیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اس حوالے سے جب ڈی آئی جی ڈارئیونگ لائسنس برانچ قمر زمان سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کنٹریکٹر کا کنسائنمنٹ جو کہ متحدہ عرب امارات سے آنا تھا وہ لیٹ ہو گیا جسکی وجہ سے کارڈ ز کی پرنٹنگ میں تعطل پیدا ہو ا،انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کنٹریکٹر سے جواب طلبی کی گئی ہے،جبکہ ڈی ایس پی مسعود خان کے مطابق پرنٹر کی خرابی کی وجہ سے کارڈ ز برقت نہیں چھپ سکے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر کو سال2017میں کارڈز کی پرنٹنگ کا ٹھیکہ دیا گیا تھا لیکن منظور نظر ہونے کے باعث اب تک اس سے نہ ہی ٹھیکہ واپس لیا گیا اور نہ ہی اس سے جواب طلبی کی گئی ۔ڈرائیونگ لائسنس حکام کا کہنا ہے کہ اب پرنٹر ٹھیک کر لیا گیا ہے اور کارڈز کی پرنٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین