سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے جذبے کو سراہتے ہیں، دھرنے کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں، ماضی میں مولانا کا مشورہ نہ مان کر غلطی کی تھی۔
نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا مشورہ دیا تھا جسے نہ مان کر غلطی کی۔
یہ بھی پڑھیے: قیدی نواز شریف پھر گرفتار
نواز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف کو اپنا ہی مؤقف سمجھتے ہیں، وہ احتجاج کر رہے ہیں تو بالکل ٹھیک کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے احتجاج کرنے کا کہا جس کو رد کرنا ہماری غلطی تھی۔
سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ نون لیگ دھرنے اور آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرتی ہے، میں نے شہباز شریف کو ایک خط میں سب کچھ لکھ کر بھیج دیا ہے۔