• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب اختر نے گنگولی کو عمران خان جیسا لیڈر قرار دیدیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے سارو گنگولی کو عمران خان جیسی صلاحیتوں کا مالک لیڈر قرار دے دیا۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اپنے پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی جانب سے سارو گنگولی کو بورڈ کا سربراہ بنانا ایک خوش آئند خبر ہے۔

سارو گنگولی کی کپتانی اور قائدانہ صلاحیتوں کو شعیب اختر نے عمران خان سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق بھارتی کپتان میں وہی صلاحتیں ہیں جو پاکستان کی 1992 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان میں تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب 1990 کی دہائی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوتا تھا یہ نہیں لگتا تھا کہ وہ پاکستان کو شکست دے پائیں گے لیکن سارو گنگولی نے پر اعتماد کرکٹ کھیلتے ہوئے پاکستان کو سیریز میں شکست دی۔

شعیب اختر نے کہا کہ عمران خان ٹیلنٹ کو پہچان لیا کرتے تھے اور بطور کپتان یہی صلاحیتیں سارو گنگولی میں بھی تھیں۔

سارو گنگولی سے مقابلے کے بارے میں شعیب اختر نے کہا کہ سارو گنگولی پُل یا ہُک شاٹ نہیں کھیل سکتے تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں نے متعدد مرتبہ گیندیں ماریں۔

اسپیڈ اسٹار نے انکشاف کیا کہ سارو گنگولی ان سے ڈرتے نہیں تھے، کیونکہ اگر وہ ڈرتے تو کبھی بھی نئی گیند کے خلاف وہ میرا سامنا کرنے کے لیے اوپننگ نہ کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سارو گنگولی بھارتی ٹیم کے کپتان بنے تو ٹیم میں نئے چہرے سامنے آئے اور ایک طاقت ور نظام ترتیب پایا، انہوں نے ہی بھارتی  کرکٹ کی سوچ کو تبدیل کیا۔

شعیب اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سارو گنگولی کے بی سی سی آئی صدر بننے کے بعد کرکٹ کا کھیل بین الاقوامی سطح پر ترقی کی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوششوں سے نہ صرف ٹیسٹ کرکٹ بلکہ فاسٹ بولنگ کی بحالی کی بھی امیدیں ہیں کیونکہ وہ فاسٹ بولنگ کو سپورٹ کیا کرتے تھے۔

دیر ہے لیکن اندھیر نہیں

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وریندر سہواگ نے گنگولی کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’دیر ہے اندھیر نہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی کرکٹ کے لیے ایک مثبت اقدام ہے۔

سہواگ نے سارو گنگولی کو مخاطب کیے بغیر کہا کہ آپ نے بھارتی کرکٹ کی بہتری کے لیے پہلے ہی بہت خدمات پیش کیں، تاہم امید ہے کہ یہ تقرری آپ کی ان خدمات کی توسیع ہو۔ 





خیال رہے کہ سارو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کے لیے تیار ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر آئندہ بورڈ میٹنگ کے دوران بورڈ کا سربراہ منتخب کرلیا جائے گا۔ 

اس حوالے سے سارو کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کی ساکھ کو مزید بہتر کرنا بطور صدر ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سربراہ کے لیے سارو گنگولی واحد امیدوار تھے جنہوں نے کاغذات جمع کروائے تھے۔

رواں ماہ 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی صدر کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے جس میں سارو گنگولی بلا مقابلہ بورڈ کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔

تازہ ترین