کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹیانٹر نیشنل جیت کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں تیسرااور آخری میچ میں پاکستان نے 28رنز سے جیت لیا۔ ہوم سائیڈ نے7 وکٹ پر 117 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم8 وکٹ پر 89 رنز ہی بناسکی۔ جویریہ خان نے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے7چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمیمہ سہیل 31 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ بنگلہ دیش کی جہاں آراء عالم نے 12 رنز کے عوض 3 اور رومانہ احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان ٹیم کی ابتدائی 4 کھلاڑی محض 12رنز پرآؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ نگار سلطانہ اور فرغانہ حق نے 53 رنز کی شراکت قائم کی۔ نگار سلطانہ 30 اور فرغانہ حق 27 رنز بنا کر ٹاپ اسکوررز رہیں۔ اسپنر انعم امین نے 10 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔ڈیبیو کرنے والی اسپنر صباء نذیر نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جویریہ خان کو میچ اور جہاں آرا عالم کو ویمنز آف دی سیریز قرار دیا گیا۔پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان نےانعامات تقسیم کئے۔