• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم رہائشی و تجارتی علاقوں سے بارش کے پانی کی عدم نکاسی،عوام کو مشکلات کاسامنا

سکھر (بیورو رپورٹ) محکمہ پبلک ہیلتھ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے سبب رہائشی و تجارتی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی، بارش کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں جمع ہونیوالا برساتی پانی 24گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود نکالا نہیں جاسکا ہے جو کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں ریجنٹ سنیما، وسپور محلہ، بکھر چوک، رائل روڈ، پرانا سکھر، لطیف پارک، والس روڈ، تیر چوک، ریلوے اسٹیشن سے متصل، انجن شیڈ کالونی، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، شکارپو رروڈ ، گڈانی پھاٹک، بھوسہ لائن، سمیت دیگر علاقوں میں جمع ہونیوالے برساتی پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہریوں نے پبلک ہیلتھ کے افسران کی کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی ہے، پبلک ہیلتھ کے افسران کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر نکاسی آب کی ذمہ داریاں پبلک ہیلتھ سے واپس لیکر میونسپل کارپوریشن کے حوالے کی جائے۔

تازہ ترین