• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا طیارہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا

نواز شریف کا طیارہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا


سابق وزیراعظم نواز شریف کا طیارہ اے 7 ایم ای ڈی لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

نوازشریف علاج کے لیے لندن پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ فلائٹ میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی تھے۔

سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف کو لے کر طیارہ بحفاظت لندن کے ایئر پورٹ پر پہنچ گیا ہے۔

نواز شریف قطری ایئر بس میں لاہور سے براستہ دوحا لندن کے لیے آج صبح تقریباً ساڑھے 10 بجےروانہ ہوئے تھے۔

سابق وزیراعظم کو رخصت کرنے کےلیے کارکنوں کی بڑی تعداد جاتی امراء پہنچی تھی، مریم نواز اور میاں نواز شریف کی والدہ نے انہیں گھر سے رخصت کیا۔

پارٹی کے کئی سینئر رہنما سابق وزیراعظم کو رخصت کرنے کےلیے حج لاؤنج تک آئے، نواز شریف کو ایئرپورٹ پہنچنے پر ایمبولفٹ کےذریعے ایئرایمبولینس میں سوار کیا گیا۔

تقریباً ساڑھے 10 بجے ایئرایمبولینس نے دوحا کےلیے لاہور ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا، جس نے ابھی تھوڑی دیر قبل ہی ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لندن میں نوازشریف اپنے صاحبزادے حسن نواز کے گھر پر خصوصی طور پر تیار کردہ کمرے میں آج آرام کریں گے جبکہ ان کا طبی معائنہ بدھ کی صبح ہارلے اسٹریٹ کلینک میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ہارلے اسٹریٹ کلینک میں پلیٹ لیٹس کے ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے اس دوران امریکا کے طبی ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے گی، طبیعت میں بہتر ی نہ آنے کی صورت میں انہیں فوری طور پر امریکا بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔

نوازشریف دل، ہائی بلڈ پریشر، شوگراور گردوں سمیت دیگر عارضوں میں مبتلا ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزارت داخلہ نے نوازشریف کو ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، تاہم نوازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا۔

تازہ ترین