پنجاب بھر میں دھند میں اضافہ ہوا ہے، حدِ نگاہ میں کمی کے باعث پاک پتن میں موٹر سائیکل اور بس کی ٹکر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 2 سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
افسوس ناک حادثہ پاکپتن میں چک شفیع کے قریب دھند کی وجہ سے پیش آیا، جہاں بس کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل بس کے نیچے جا گھسی جس پر سوار دونوں افراد جاں بحق ہو گئے، دونوں سگے بھائی تھے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند بڑھنے لگی اور حدِ نگاہ میں کمی آنے لگی ہے جس کے باعث موٹر وے حکام کی جانب سے شہریوں کو حادثات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم خشک ہے تاہم دھند پڑنا شروع ہو گئی ہے اور حدِ نگاہ کم ہونے لگی ہے۔
لاہور میں حدِ نگاہ 1200 میٹر جبکہ ایئر پورٹ پر 150میٹر ریکارڈ کی گئی۔
دیگر شہروں فیصل آباد اور جھنگ میں حدِ نگاہ 100 میٹر ہو گئی، گجرات میں 600 میٹر، جہلم میں 500 میٹر، بہاول نگر میں 800 میٹر، بہاول پور میں 740 میٹر، جبکہ قصور میں حدِ نگاہ 400 میٹر ریکارڈ کی گئی۔
حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی جانے لگی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: ساہیوال میں دھند سے حادثہ، 2 افراد ہلاک
ترجمان موٹر وے پولیس نے ان علاقوں میں سفر کر نے والوں کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ تیز رفتاری سے بچیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، ڈرائیور حضرات معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
ادھر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ اقبال میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور سردی مزید بڑھنے کا امکان بھی ہے۔