• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے یہاں حقوق آئین میں درج، مگر ان پر قبضہ ہے، سہیل وڑائچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر صحافی و دانشور سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ میری امید کی ایک وجہ یہ ہے کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی جدوجہد ہورہی ہے وہ حقوق حاصل کرنے کیلئے ہورہی ہے، ہمارے یہاں تو حقوق آئین میں درج ہیں ان پر قبضہ ہے جنہیں حاصل کرنے کیلئے جدو جہد ہورہی ہے،بس ایک دھکے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں بارہویں عالمی اُردو کانفرنس کے آخری روز سہیل وڑائچ کے ساتھ ایک نشست کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی میزبانی مبشر زیدی نے کی۔سہیل وڑائچ نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا معاشرے کی قیادت کرے تو یہ انکی خام خیالی ہے قیادت سنبھالنے کیلئے سیاسی قیادت کو ہی سامنے آنا پڑیگا۔پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے پورے عالم اسلام میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں پر قائد اعطم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کےافکار کے اسلامی جمہوریہ نظام رائج کیا گیا، اگر آئین پر من وعن عمل کیا جائے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائیگا، ملک میں لینڈ ریفامز کی ضرورت ہے اور وہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ منفی سوچ سے کچھ حاصل نہیں ہوتا اس لیے مثبت سوچنا چاہیے اور میں ہمیشہ مثبت سوچتا ہوں، مثبت سوچ سے ہی معاشرے میں لوگوں کی بات سنی جاسکتی ہے اور ان سے سیکھا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین