• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نتیجہ خراب ہو تو تبدیلی کی بات شروع ہو جاتی ہے، اظہر علی


ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ ایک سیریز کا نتیجہ خراب ہو تو ٹیم میں تبدیلیوں کی بات شروع ہو جاتی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کپتان اظہر علی نے کہا کہ سری لنکا ہر کنڈیشن میں ہمیشہ مضبوط حریف رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچ کافی اچھی ہے، جو بیٹنگ بولنگ دونوں کے لیے مفید ہو گی، ہم پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر 11 پلیئرز طے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: سری لنکن ٹیم کی آمد، اسلام آباد میں پر تپاک خیر مقدم

اظہر علی کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ وقت کے ساتھ بہتر ہوتے جائیں گے، یہ پاکستان کا بیسٹ بولنگ اٹیک ہے، کرکٹ ہمارا فخر ہے، جتنا جیتیں گے اتنا اچھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم ری بلڈنگ پروسیس سے گزر رہی ہے، مجھ سے سوال ہوتا ہے کہ ری بلڈنگ تو 1987ء سے چل رہی ہے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ فیصلہ کریں کہ کیا کسی نے ٹیم کو کبھی وقت دیا ہے۔

سری لنکن کپتان ڈمتھ کرونا رتنے نے بھی نیوز کانفرنس سے خطاب کیا، اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بولنگ اٹیک اچھا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور جیتیں، پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بہترین پلاننگ کی ہے۔

ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

واضح رہے کہ دس سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جا رہی ہے، پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 10 سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، 2009ء میں تھم جانے والا ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ سری لنکن ٹیم کی آمد کے ساتھ ایک بار پھر شروع ہونے کو ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: سلمان بٹ اپنی ٹیم کے لیے میانداد بن گئے

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی، سابق کپتان جاوید میانداد اور بندولہ ورناپورا بھی تاریخی موقع پر موجود تھے۔

ایک دہائی بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ انہی دونوں ٹیموں سے پھر سے جڑنے جا رہا ہے جن کے درمیان یہ سلسلہ ٹوٹا تھا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل سے راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں کا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی ہوا۔

اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1982ء میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی ٹیموں کی قیادت کرنے والے پاکستان کے کپتان جاوید میانداد اور سری لنکا کے کپتان بندولہ ورناپورا بھی موجود تھے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 53 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے 19 میں پاکستان فاتح رہا تو 16 ٹیسٹ میں آئی لینڈرز کامیاب رہے، 18 میچز ڈرا ہوئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی ٹیسٹ کا آغاز کل صبح 10 بجے ہوگا، اس موقع پر راولپنڈی میں آبر آلود موسم اور بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

تازہ ترین