• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ایوان میں اپنے لیڈرز کی کرپشن چھپانے کیلئے آتی ہے، فیصل جاوید

کراچی (ٹی وی رپورٹ )پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کا اہم دن ، ایک دہائی بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گئی ،جیو کےمارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز پر بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں 15سال بعد کرکٹ ہو رہی ہے ، سیکیورٹی کے لئے سڑکوں کی بندش کرکٹ کی بندش سے کہیں زیادہ بہتر ہے ، قومی ٹیم موجودہ کھلاڑیوں میں سے کسی نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ہوئی ، دوسری جانب گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مترادف مکی آرتھر سری لنکن ٹیم کے کوچ ہیں ۔ پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن ایوان میں اپنے لیڈروں کی کرپشن چھپانے کیلئے آتی ہے،ن لیگ کے رہنما عطاتارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت سے ہمیں کوئی توقع نہیں ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پہلے دن سے آج تک پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا رویہ سب کے سامنے ہیں ، اپوزیشن ارکان ایوان میں اپنے لوگوں کو تھانوں سے چھڑوانے ، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کروانے اور اپنے لیڈروں کی کرپشن کو چھپانے کے لئے آتے ہیں ، یہ چھوئی موئی اپوزیشن ہے جو خودلمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں لیکن وزرا کی ذراسی سچائی ان سے برداشت نہیں ہو تی ان کے تعاون نہ کرنے سے کچھ نہیں ہوتا یہ تمام معاملے خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے ۔بیمار والد کی عیادت کے لئے بیٹے اپنے ملک آنے پر راضی نہیں تھے لیکن بیٹی بیرون ملک جانے پر بضد ہیں ،حکومت اصولوں پر چلے گی ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت عوامی مسائل چھوڑ کر ان کے ایشوز حل کرتی پھرے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بہت سے ایسے فیصلے رہے ہیں جس میں عدالت نے وفاقی حکومت کے بغیر ای سی ایل سے نام نکالنے کے احکامات جاری کئے ہیں ،اسی لئے ہم نے عدالت سے درخواست کی کیونکہ موجودہ حکومت سے ہمیں کسی اچھائی کی توقع نہیں ، تحریک انصاف کی حکومت نے پارلیمنٹ کو غیر فعال کرکے رکھ دیا ہے جہاں کوئی قانون سازی نہیں ہو تی ، آرڈیننس پر آرڈیننس جاری ہوتے ہیں ، اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں ہو تے اور معاملات پر ڈیڈ لاک حکومتی سستی اور نااہلی کے باعث ہے ، جہاں تک اہم قانو ن سازی کی بات ہے ابھی عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنا ہے اس کے بعد مشاورت ہو گی لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سازگار ماحول پیدا کرے بھارت میں غیر مسلموں کو شہریت دینے کا قانون ایوان زیریں میں منظور کرلیا گیا ، متنازع قانون پر مسلمانوں کے احتجاج سمیت علی گڑھ کے طلباء کی جانب سے بھوک ہڑتال کا اعلان بھی سامنے آیا ہے ، سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی غلط اقدام ہے ، پاکستان اسکے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہا ہے ،کرتار پور راہداری کے افتتاح کے دن پوری دنیا نے دیکھا کہ اقلیتیوں کے ساتھ پاکستان کا کیا رویہ ہے اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا جاتا ہے ،کشمیر کے لئے آواز اٹھانے میں وزیر اعظم عمران خان نے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ،دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھا ئی جا رہی ہے ۔ لاہور میں اورنج لائن ٹرین چل پڑی، سابق چیئرمین پنجاب میٹرو اتھارٹی خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ عوام دوست ماحول دوست پروجیکٹ کے مکمل ہونے پر خوشی ہے اللہ اسے چلتا رکھے ، بجلی سے چلنے کی وجہ سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے عوام کو چھٹکارا ملے گا بلکہ کئی ہزار نوکریاں بھی پیدا ہوں گی ،یہ پروجیکٹ بہت پہلے اس سے مستفید ہو سکتی تھی۔

تازہ ترین