وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کے معاملے میں اے این ایف کو تضحیک آمیز انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملزم کا نہیں اے این ایف کا ٹرائل ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کی ضمانت کے فیصلے کے بارے میں تصویر کا ایک رخ دکھایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جسمانی ریمانڈ اس کا لیا جاتا ہے جس سے کوئی ریکوری کرنی ہو، موقع پر پکڑے جانے والے کا جوڈیشل ریمانڈ ہوتا ہے۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ اے این ایف اکثر کیسز میں موقع پر ابتدائی اور تھانے میں تفصیلی کارروائی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے این ایف قومی ادارہ ہے، اسے سیاست زدہ نہ کیا جائے، رانا ثناء اللّٰہ کے معاملے میں حقیقت پر مبنی تبصرے نہیں کیے جا رہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پی پی میں جمہوریت آئی تو فاطمہ لیڈر بنیں گی: فردوس
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملاز مت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظرِ ثانی اپیل دائر کر دی ہے۔
فردو س عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ فیصلے کے تمام پہلوؤں کا ہماری قانونی ٹیم نے جائزہ لیا ہے، اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ فیصلے میں بہت سے قانونی نقائص ہیں۔