نور سلطان ( ایجنسیاں، اے ایف پی ) قازقستان میں 23سالہ پرا نا مسافر فوکر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حکام نے 15افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، حادثے میں60افراد زخمی بھی ہیں ،ان میں سے22کی حالت تشویش ناک ہے، ادھر پاکستان نے حادثے پر اظہار افسوس کیاہے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اوروفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے قازقستان میں جمعہ کو پیش آنے والے مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق قازقستان میں مسافر طیارہ الماتے ائیر پورٹ کے قریب ہی اڑنے کے تھوڑی دیر بعد ایک 2منزلہ عمارت پر گرا کر تبا ہ ہوگیا،قزاقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں6بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں میں بچے اور خواتین شامل ہیں،طیارہ الماتے سے دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا، حکام حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسافر طیارے میں 98 افراد سوار تھے جن میں 93 مسافر اور عملے کے5ارکان شامل ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ،قازقستان سول ایویشن کمیٹی کے مطابق فوکر100طیارہ دارالحکومت نور سلطان کی طرف جارہا تھا کہ ٹیک آف کے دوران اپنا توازن کھو بیٹھا اور دو منزلہ عمارت سے ٹکرانے سے قبل ایک کنکریٹ باڑ سے ٹکرایا۔