• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج نے وادیٔ لیپہ میں پھنسے 60 مسافروں کو ریسکیو کر لیا

وادیٔ لیپہ میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی تھی


آزاد کشمیر کی وادیٔ لیپہ میں لمنیاں روڈ پر برفانی تودہ گرنے سے 10گھنٹوں تک شدید سردی میں پھنسے 60 سے زائد مسافروں کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا ہے۔

آزاد کشمیر کی وادیٔ لیپہ میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی تھی اور 15 سے زائد گاڑیاں پھنس گئی تھیں جن میں 60 سے زائد افراد موجود تھے، پاک فوج نے امدادی کارروائی انجام دے کر ان تمام پھنسے ہوئے افراد کو نکال لیا ہے۔

بلوچستان، کشمیر، خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، متعدد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

کراچی میں کل سے سردی کی نئی لہر شروع ہو رہی ہے، محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 22 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، شہر میں 23 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوہستان میں پھنسے مسافروں کیلئے امدادی کارروائی

اُدھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح، زیارت، کان مہتر زئی، مسلم باغ، پشین، مستونگ اور قلات میں شدید برف باری جاری ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔

وادی کوئٹہ کی سڑکیں، گلیاں، مکانوں کی چھتیں، درخت، پہاڑ سمیت ہر شے برف سے ڈھک گئی۔

بارش سے بلوچستان بھر کے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے، مسلسل بارش سےکوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ، کان میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری

پشین، ژوب، قلعہ سیف اللّٰہ، لورالائی کے اضلاع میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

کوژک ٹاپ پر شدید برف باری سے کوئٹہ سے زیارت، چمن اور اسلام آباد شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو گئیں۔

کان مہترزئی کے مقام پر شدید برف باری سے اسلام آباد سے آنے والی مسافر کوچ پھنس گئی جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللّٰہ کا کہنا ہے کہ کان مہتر زئی کے مقام پر جمی برف ہٹا کر کوئٹہ ژوب شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: چیئر لفٹ میں پھنسے بچے کو باحفاظت ریسکیو کر لیا

پی ڈی ایم اے کے عملے کی جانب سے پھنسے ہوئے مسافروں کو خوراک بھی دی گئی۔

اُدھر آئی جی ایف سی کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر کے مسافروں کے لیے مسلم باغ ایف سی قلعہ میں کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔

پاک ایران سرحدی علاقے ماشکیل میں موسلا دھار بارش اور نوکنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، نواحی علاقہ بگ میں 4 گاڑیاں بارش میں پھنس گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کئی دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، آج وفاقی دارالحکومت میں بارش کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: اپرکوہستان، برف باری میں پھنسے افراد کو نکال لیا گیا

ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سرگودھا میں بارش اور لوئر دیر کے میدانی و پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی مزید بڑھتی جا رہی ہے۔

ملک بھر میں سب سے کم درجۂ حرارت اسکردو اور استور میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گوپس اور کالام میں منفی 11، بگروٹ میں منفی 9، اسلام آباد میں صفر، کراچی میں 12، لاہور میں 4، پشاور میں 3، کوئٹہ اور مظفر آباد میں منفی ایک، گلگت میں منفی 5، فیصل آباد اور ملتان میں 3 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات اور اسلام آباد سمیت پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بلوچستان کے پہاڑی علاقوں، بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: گلگت بلتستان میں پھنسے سیاحوں کو نکال لیا گیا

آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختون خوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔

تازہ ترین