• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت

لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبے میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی، ملاوٹ کیخلاف مہم، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام اور سالانہ ترقیاتی سکیموں پر فنڈز کے استعمال کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔تما م اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی، ملاوٹ کیخلاف مہم، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام اور سالانہ ترقیاتی سکیموں پر فنڈز کے استعمال سے متعلق حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، انکی کارکردگی اسی پیمانے پر جانچی جائے گی اور اس سلسلے میں غفلت یا کو تاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ اشیاء میں ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کوئی رعائت نہ برتی جائے اور انکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے دورے کریں اور وہا ں ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں اور عملہ کی حاضری چیک کرنے کے علاوہ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران اپنے علاقے کی فلور اور شوگر ملوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور یقینی بنائیں کہ آٹے کی گرائنڈنگ سرکاری کوٹہ کے مطابق ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں 60-40تناسب کی خلاف ورزی نہ ہو۔سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ اس وقت صوبے میں تمام شوگر ملیں کام کر رہی ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صوبے میں کلین اینڈ گرین پاکستان کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے اور اضلاع میں صفائی بہتر بنانے اور شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستا ن مہم کے تحت کئے گئے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ خود اضلاع کے دورے کریں گے ، انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے نا صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہو ں نے کہا کہ اضلاع میں قبرستانوں کیلئے جگہ کی نشاندہی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 100 سے زائد سکیمو ں کی منظوری قابل ستائش ہے، ترقیاتی منصوبوں پرفنڈز کے استعمال کو بہتر بناتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور مفاد عامہ میں نئی ترقیاتی سکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
تازہ ترین