• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آرکی ملک بھر میں ٹیکس چوروں کیخلاف مہم ، تین شکایات درج

اسلام آباد( مہتاب حیدر) ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف ملک گیر مہم کا آغاز کردیا اور منی لانڈرنگ کے الزام میں سپیشل جج کے سامنے تین شکایات بھی درج کرادی ہیں،ایف اے ٹی ایف کے تقاضے پورا کرنے کے لئے ایف بی آر نے منی لانڈرنگ کے خلاف مہم کا آغاز کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ملک بھر میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن آئی آر نے نوتعینات ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیر اللہ خان کی سربراہی میں ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔اس کے نتیجے میں فیصل آباد ، ملتان ، پشاور اور اسلام آباد میں ریجنل ڈائریکٹریٹ نے مختلف سیکٹرز کے جعلسازوں کے خلاف چھاپے مارے،اس کے ساتھ حیدرآباد ڈائریکٹوریٹ نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت اسپیشل جج کی عدالت میں تین شکایات درج کی ہیں۔یہ شکایات ایک جامع تفتیش کے بعد حکمت اللہ ، عبد النافع اور حیات اللہ کے خلاف درج کی گئیں ، مذکورہ افراد کی بینک اکائونٹس کی رسیدیں ان کے ٹیکس ڈیکلریشن سے بہت زیادہ اور غیر واضح ہیں۔حکمت اللہ نے 2014 سے 2018 تک کے عرصے کے دوران1.5777ملین روپےکی رسیدیں ظاہر کیں لیکن ایک پائی نکم ٹیکس ادا نہیں کیا، تا ہم بینک اکائونٹس میں 10502.085 ملین روپےکا اضافہ ہوا۔ مزید برآں 2014 سے 2018 کے عرصہ کے دوران عبد النافع نے 3.391 ملین روپے کی رسیدیں ظاہر کیں لیکن کوئی انکم ٹیکس نہیں دیاکیا، بینک کریڈٹس میں 6،618.620 ملین روپے کا اضافہ ہوا، جب کہ حیات اللہ نے 2014 سے 2018 کی مدت کے دوران 1.452 ملین روپے کی رسیدیں دکھائیں اور صرف اکاون ہزار روپے انکم ٹیکس دیا، لیکن اس کے بینک اکائونٹس میں 1،966.614 ملین کا اضافہ ہوا۔ فیصل آباد ڈائریکٹوریٹ نے انجینئرنگ سیکٹر کے دو غیر رجسٹرڈ افراد پر چھاپے مارے جو سرگودھا میں سیلز ٹیکس ادا کیے بغیر قابل ٹیکس سپلائی میں مصروف تھے۔ ان یونٹوں کے نام میسرز محمد اشرف انجینئرنگ ورکس اور میسرز علی رضا حیدر اینڈ برادرز انجینئرنگ ورکس سرگودھا ہیں۔
تازہ ترین