• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم نے کلیم امام کو اہم ذمہ داری سونپ دی

وزیراعظم نے کلیم امام کو وفاق میں اہم ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دے دیا




وزیرِ اعظم عمران خان سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وفاق میں اہم ذمہ داری سونپ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نے آئی جی سندھ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن امجد جاوید سلیمی 2 روز بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی آج آئی جی سندھ کلیم امام سے ملاقات کے دوران انہیں سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کی بلاواسطہ ذمہ داری دینے کا ذکر ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاق کی یہ کوشش بیورو کریسی سے تعلقات استوار رکھنے کی کوششوں کا تسلسل ہے، وفاقی حکومت کلیدی عہدوں پر تعینات بیورو کریٹس کے معاملات میں محتاط ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے، میں نے اپنا کام نیک نیتی سے کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومتِ پاکستان کا ملازم ہوں، ملک کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں۔

آئی جی سندھ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پاکستان مجھے جہاں تعینات کرے گی، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیئے: نئے آئی جی سندھ کیلئے مزید 3 ناموں پر غور شروع

آئی جی سندھ کلیم امام نے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورتِ حال اور اہم امور پر بھی بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کو ملاقات کے لیے اسلام آباد طلب کیا تھا جس کے بعد آئی جی سندھ اسلام آباد روانہ ہوئےتھے اور انہوں نے آج وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے 2 روز قبل کے کراچی کے دورے کے دوران آئی جی سندھ سے ملاقات نہایت مختصر رہی تھی، جس کے باعث آئی جی صوبے کی صورتِ حال پر انہیں بریفنگ بھی نہیں دے سکے تھے۔

ذرائع نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران ملاقات میں آئی جی سندھ کلیم امام کو نیا ٹاسک دے سکتے ہیں، وہ اس سے پہلے نئے آئی جی سندھ کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔

کابینہ اجلاس میں جی ڈی اے کے اعتراض اور نئے آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ مؤخر کیے جانے کے بعد سے وزیرِ اعظم عمران خان اور آئی جی سندھ کلیم امام کی یہ ملاقات انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

گزشتہ روز سندھ میں آئی جی پولیس کی تبدیلی کے معاملے پر وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا فون پر رابطہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: کلیم امام کی بہتر کارکردگی پر سندھ پولیس کو شاباش

وزیرِ اعلی سندھ نے وزیرِ اعظم سے کہا تھا کہ جو نام دے چکے ہیں ان ہی میں سے کسی کو آئی جی لگایا جائے۔

اس سے پہلے وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات کے دوران آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق ہوگیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے مشتاق مہر کی تعیناتی کا گرین سگنل دیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری ہونا تھا تاہم اب کابینہ نے آئی جی سندھ کی منظوری مؤخر کردی ہے۔

تازہ ترین