• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین آفریدی بنگلہ دیش کیخلاف 5 وکٹ نہ لینے پر کیا کہتے ہیں؟

پاکستان بولنگ لائن اپ کے سب سے اہم رکن شاہین شاہ آفریدی جو ٹیم کی جانب سے تینوں فارمیٹس کی آٹو میٹک چوائس سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے پنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 233 رنز پر آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 53 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سال 6 اپریل کو اپنی 20ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر کے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں یہ تیسرا موقع تھا، جب انہوں نے اننگز میں چار وکٹ حاصل کئے۔

شاہین آفریدی کہتے ہیں کہ پنڈی اسٹیڈیم میں صبح کے سیشن میں بولنگ کرتے ہوئے مزا آتا ہے۔

محمد عباس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے بائیں ہاتھ کے تیز بولر بولے تجربے کار بولر ہونے کی حیثیت سے وہ مجھے اور نسیم کو گائیڈ کرتے ہیں اور ہم کوشش کرتے ہیں کہ محمد عباس کی لائن اور لینتھ کو مد نظر رکھیں۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بولنگ کوچ وقار یونس اور اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کیساتھ آج کل وہ اپنی بولنگ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پنڈی ٹیسٹ: بنگلادیشی ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ

5 جولائی2019ء کو لارڈز پر آئی سی سی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کیرئیر بیسٹ 6/35 کی پرفارمنس پیش کرنے والے شاہین کو بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں پانچ وکٹ کی کارکردگی نہ دکھانے کا کوئی افسوس نہیں، ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے، درست ہے پانچ وکٹ لینا کسی بولر کے لیے اعزاز کی بات ہوتی ہے، البتہ وہ اس حوالے سے زیادہ نہیں سوچتے، کیونکہ ان کے لیے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا زیادہ ضروری ہے، چاہے وہ ایک وکٹ حاصل کر کے ہی کیوں نہ ہو، زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ ہم نے بنگلہ دیش کو پہلے دن آؤٹ کر لیا ہے۔

اس سوال پر کہ کیا بنگلہ دیش کے آخری بیٹسمین ابو جائد کو اگر محمد عباس رن آؤٹ نہ کرتے تو وہ پانچ وکٹ نہ مکمل کر لیتے، شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ایسا نہ انہوں نے سوچا، نہ ہی انہیں پانچ وکٹ نہ لینے کا دکھ ہے۔ عباس بھائی کو جو مناسب لگا، انہوں نے ٹیم کے مفاد میں کیا جو کہ صحیح تھا۔

تازہ ترین