• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی، مساجد پر حملوں کی منصوبہ بندی، دہشت گرد گروہ کے 12 ارکان گرفتار

برلن ( اے ایف پی / جنگ نیوز) جرمنی میں نیوزی لینڈ کی طرح مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، جرمن حکومت کے ترجمان کے مطابق 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق انتہائی دائیں بازو کے گروہ سے ہے، ملزمان نے کئی شہروں میں نماز کے دوران بیک وقت خونریز حملے کرنے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔ جرمنی نیوز ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے گرفتار کر لیے جانے والے انتہائی دائیں بازو کے شدت پسندوں کے ایک گروہ نے ملک میں مسلمانوں کی مساجد پر وسیع تر خونریزی کا سبب بننے والے دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔جرمن دارالحکومت برلن سے پیر کو ملنے والی رپورٹس میں وفاقی حکومت کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ انتہائی دائیں بازو کے جس جرمن شدت پسند گروپ نے ملک میں وسیع پیمانے پر مساجد پر مسلح حملوں کا منصوبہ بنایا تھا، اور جسے قانون نافذ کرنے والے ملکی اداروں نے قبل از وقت ناکام بھی بنا دیا، اس کے لیے مثال گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کو بنایا گیا تھا۔ان انتہا پسند ملزمان کی تعداد 12 ہے اور انہیں پولیس نے گزشتہ جمعے کے روز جرمنی کے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر گرفتار کیا تھا۔

تازہ ترین