• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونٹی رھوڈز کہتے ہیں پاکستانی کرکٹرز کھیل سے دیوانہ وار محبت کرتی ہیں


ماضی کے عظیم کرکٹر اور بہترین فیلڈر جونٹی رھوڈز نے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں خواتین کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کے گر سکھائے۔

جونٹی رھوڈز کی زیرنگرانی یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں منعقدہ فیلڈنگ سیشن میں 9 خواتین کرکٹرز نے شرکت کی۔

ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے سیشن میں کائنات امتیاز، جویریہ رؤف، یسرا عامر، حفصہ خالد، حرینہ سجاد، نجیہ علوی، عریجہ حسیب، معصومہ جعفری اور سوہانا طارق نے شرکت کی۔

سابق کرکٹر کی زیرِ نگرانی فیلڈنگ سیشن کا اہتمام پاکستان ویمنز کرکٹ نے کیا تھا۔

فیلڈنگ سیشن کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں نکھار لانے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔

اس موقع پر جونٹی رھوڈز نے کہا کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں، یہ کرکٹرز کھیل سے دیوانہ وار محبت کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورانِ کیرئیر فیلڈنگ کے دوران ان کی حکمت عملی ’گو فار اِٹ‘ رہتی تھی، پاکستان ویمنز کرکٹ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور فیلڈر جب تک آپ گیند کا پیچھا نہیں کریں گے آپ اچھے فیلڈر نہیں بن سکتے۔

ادھر خواتین کھلاڑیوں نے فیلڈنگ سیشن کو انتہائی مفید قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ جونٹی ان دنوں ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے سلسلے میں کراچی میں موجود ہیں، وہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پچاس سالہ عظیم کھلاڑی 52 ٹیسٹ اور 245 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

تازہ ترین