• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بال ٹیمپرنگ، پشاور کے خلاف خدشات پر مبنی رپورٹ درج کی، سرفراز

پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹیم نے پشاور زلمی کیخلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے خدشات اپنی میچ رپورٹ میں درج کئے ہیں۔

کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جب سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ کیا گلیڈی ایٹرز نے زلمی کیخلاف ٹیمپرنگ کی شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق اس معاملہ پر میچ رپورٹ میں اپنا مشاہدہ درج کردیا ہے، تاہم انہوں نے اس معاملے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

ہفتے کے میچ میں وہاب ریاض کے ساتھ ہونے والی نوک جھونک کو معمول کی بات قرار دیتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ایسا تو ہوتا رہتا ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے، اس سے کھیل کا مزہ ہی بنتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے نوجوان اعظم خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ جس طرح اعظم خان کھیل رہے ہیں، انہوں نے اپنا ٹیلنٹ اچھی طرح ثابت کردیا ہے۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ اعظم نے بتایا کہ اس میں ٹیلنٹ ہے لیکن اسکو انٹرنیشنل کھلانا جلدی ہوگا اب سلیکٹرز اور کوچز کا کام ہے اسکو اپنی زیر تربیت لیں اور مستقبل کیلئے تیار کریں، اعظم بہت پاور فل شاٹس کھیلتا ہے، ایسے جاندار شاٹس اس وقت ڈومیسٹک میں کھیلنے والا کوئی نہیں۔

ایک سوال پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ انہوں نے اعظم خان کو یہ کہا تھا کہ کرکٹ صرف باونڈریز کا نہیں، سنگل ڈبل کا بھی کھیل ہے۔

فاسٹ بولر ٹیلنٹ کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین میں خالص فاسٹ بولرز والی صلاحیتیں موجود ہیں، یہ دونوں وسیم اکرم اور وقار یونس کی طرح پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔

گزشتہ برس نیشنل ٹیم سے ڈراپ کئے جانے والے سرفراز احمد نے کہا کہ ان کا فوکس پی ایس ایل ہے، وہ کسی سے مقابلے میں نہیں، ان کی کوشش ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں کیوں کہ پی ایس ایل میں پرفارمنس ان کیلئے مستقبل کی راہیں ہموار کرسکتی ہیں۔

اپنی پی ایس ایل ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا کہ جیت کر اعتماد بحال ہوا ہے، کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، رن آوٹ پر قابو پانا ہوگا۔ ٹاپ تین پلیئرز اسٹارٹ تو اچھا کررہے ہیں لیکن لمبا نہیں کھیل پارہے، لیکن امید ہے کہ تینوں ٹاپ پلیئرز مستقبل میں ٹیم کی جیت میں واضح کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین