اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نےطالبات کو ہراساں کر نےکے الزام میں گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین کوگرفتار کر لیاہے۔ اطلاعات کے مطابق پروفیسر صلاح الدین پر طالبات نے الزام لگایا تھا کہ وہ امتحانی پرچوں میں نمبر بڑھانے کے لیے بلاتے اور ہراساں کرتے ہیں ،یونیورسٹی انتظامیہ ایک عرصہ سے اس کیس کو دبانے کی کوشش کررہی تھی جس کے بعد کچھ متاثرہ طالبات نے ثبوتوں کے ساتھ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواستیں دے دیں۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد پیر کو انہیں گرفتارکر لیا، ترجمان گومل یونیورسٹی کے مطابق اس واقعہ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کوارڈینیٹر سٹی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین کو نہ صرف عہدے بلکہ نوکری سے برطرف کر کے انکا استعفیٰ لے لیا گیاہے ۔ ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ برطرف کئے گئے پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین کے کسی ذاتی فعل یا اخلاق باختگی کی قطعاً ذمہ دار نہیں اور نہ انہیں کسی بھی طرح کی سپورٹ کی ہے ۔