ایئرپورٹ حکام کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز سے 300 عمرہ زائرین کو اتارا گیا ہے جس پر عمرہ زائرین کی جانب سے عملے سے تکرار اور ایئرپورٹ پر احتجاج کیا گیا ہے ۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق جدہ جانےوالی پرواز ایس وی 735 سے بھی 300 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ لاؤنج میں عمرہ زائرین کی بڑی تعداد جمع ہے جبکہ پی آئی اے کی رات 10:30 بجے جانے والی پرواز کو بھی روک دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق جدہ جانےوالی پرواز ایس وی 735 کی چیک ان جاری ہے اور پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کے لیے فون کالز کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے باعث سعودی عرب نے عمرہ اور مسجد نبویؐ کی زیارت کے لیے آنے والوں کے لیے داخلہ عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
عرب نیوز نےسعودی وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے افراد کو عارضی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے ان شہریوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا جو نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔