اسرارخان
اسلام آباد:… عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی‘ پاکستان میں 19 ماہ قبل کی قیمتوں سے زیادہ ہے۔2018 میں تیل کی عالمی قیمتیں 75 اعشاریہ 5 ڈالر فی بیرل‘ موجودہ قیمت 56 اعشاریہ 21 ڈالر ہے۔ تفصیلات کے مطابق،عالمی مارکیٹ میں جنوری، 2020 میں خام تیل کی قیمت 63 اعشاریہ 83 ڈالر فی بیرل تھی۔ اس لحاظ سے برینٹ کی قیمت 12 اعشاریہ 12 فیصد تھی۔ اگست، 2018 میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 75 اعشاریہ 5 ڈالر فی بیرل تھی۔ جب کہ مقامی مارکیٹ میں اس وقت ڈیزل 112 اعشاریہ 94 روپے فی لیٹر، پیٹرول 95 اعشاریہ 24 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 83 اعشاریہ 96 روپے، جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 75 اعشاریہ 37 روپے فی لیٹر تھی۔ لیکن اب خام تیل کی قیمت 56 اعشاریہ 21 ڈالر فی بیرل ہے لیکن اس کے باوجود 2018 کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فی الوقت بہت زیادہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق،عالمی مارکیٹ میں ایک ماہ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں 12 فیصد کمی کے باوجود حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف 7 روپے تک کی کمی کی ہے۔ اگست ، 2018 میں پی ٹی آئی کے اقتدار سنبھالنے سے اب تک خام تیل کی قیمتیں 16 اعشاریہ 29 ڈالرز تک کم ہوچکی ہیں۔ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ جولائی، 2019 سے پاکستان کو سعودی عرب سے بھی موخر ادائیگی پر ماہانہ بنیادوں پر تیل مل رہا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ کمی کے باوجود 19 ماہ قبل کی قیمتیں کم تھیں۔ حکومت تمام پیٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد جی ایس ٹی لے رہی ہے۔ جب کہ اس کے علاوہ صارفین سے براہ راست پیٹرولیم لیوی بھی وصول کی جارہی ہے۔ حکومت نے ریوینیو کمی پوری کرنے کے لیے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا ہے۔ جب کہ آنے والے دنوں میں حکومت پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔