• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کوکورونا سےنجات کیلئے لاک ڈاؤن ختم کرے، پاکستان

اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سارک کو بنیادی پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی سطح پر اس وباء سے نمٹنے کے لیے سارک کو بااختیار بنایا جائے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ممکنہ طور پر جلد از جلد سارک وزرائے صحت کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے‘بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرے اور اطلاعات کی ترسیل پر پابندیاں اٹھائے‘مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی ایشیائی ممالک میں تعاون کی تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کی مشاورت کے لئے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اتوار کی شام منعقد ہوئی۔ سارک کی مشاورتی وڈیو کانفرنس میں تنظیم کے رکن ممالک نے کورونا (کووڈ 19) وباء سے نمٹنے کے لیے صورتحال پر غور کیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی جانب سے اس وباءسے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور حکمت عملی سے کانفرنس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اول دن سے اس وبا پر قابو پانے اور بچاؤ کے اقدامات کے لیے پورے عزم کے ساتھ کوشاں ہے۔
تازہ ترین