سندھ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 150 ہوگئی، جس کے بعد ملک بھر میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 184 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 150 ہوگئی، 30 متاثرہ افراد کا تعلق کراچی اور ایک حیدرآباد کا ہے۔
119 افراد کا تعلق سکھر سے ہے، یہ تمام افراد تفتان سے سکھر پہنچے ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 184 تک پہنچ گئی ہے، خیبرپختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد 4، گلگت بلتستان 3 اور پنجاب 2 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ میں ہوٹلز اور چائے خانے رات 9 بجے بند کرنے پر غور
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ سندھ کے مقابلے میں پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دو، تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تفتان سے باقی صوبوں میں آنے والوں کا جواب وہ خود دے سکتے، پنجاب میں کورونا کے مریض سامنے نہ آنا اچھی بات ہے مگر سوال یہ ہے کہ وہاں ٹیسٹ ہو بھی رہے ہیں یا نہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ تفتان سے مسافروں کو ہم نہیں لائے، وفاقی حکومت لائی ہے، تفتان میں کئی کئی لوگ ایک ساتھ بیٹھے تھے، یہ قرنطینہ نہیں تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ جو بیمار نہیں ہونا چاہتا، غیر ضروری باہر جانا چھوڑ کر گھر میں بیٹھیں، قرنطینہ کا مطلب ہے کہ ایک بندہ ایک کمرے میں ہو، وہ 14 دن الگ تھلگ رہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں دستیاب تمام وینٹی لیٹرز خریدنے کی ہدایت کی ہے، تشویش تب شروع ہوئی جب ہمارے ہاں مثبت کیسز آنے شروع ہوئے، بلوچستان سے آنے والے زائرین کے ٹیسٹ سے متعلق الگ الگ کہانی سنائی گئی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کا قرنطینہ دیکھا تو سب کی چارپائیاں ساتھ لگی تھیں، یہ تو قرنطینہ تھا ہی نہیں، ہم نے فیصلہ کیا کہ بلوچستان سے آنے والے تمام زائرین کو قرنطینہ میں رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک فلیٹ میں ایک بندہ ٹھہرایا ہے، تین وقت کا کھانا پہچانے کا اور ڈاکٹر کا بندوبست کیا، ہم نے 291 افراد کا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا، اس وقت تک 110 ٹیسٹ کے نتائج آچکے ہیں، ان میں پچاس مثبت ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ سندھ کی وفاق کیخلاف چارج شیٹ
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں 15 کورونا سامنے آئے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ 19 افراد ایک ہفتہ قبل تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تھے جن میں سے 15 کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔