• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوران پرواز کورونا کاشکار مسافروں کو 7,344 پونڈادا کرنے کااعلان

لندن (پی اے) ویتنام کی ایئر لائن ویت جیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دوران پرواز کورونا کا شکار ہونے والے مسافروں کو 7,344 پونڈ ادا کرنے کو تیار ہے، یہ ادائیگی ایئرلائنز کی نئی اسکائی کووڈ کیئر انشورنس اسکیم کا حصہ ہے، جس کا اطلاق رواں سال 23 مارچ سے 3 جون کے دوران ایئرلائن سے سفر کرنے والوں کیلئے ہوگا، یہ رقم قومیت کے کسی امتیاز اور چارج کے بغیر ہر عمر کے مسافروں کو ادا کی جائے گی۔ انشورنس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ویت جیٹ کے مسافر اس انشورنس اسکیم سے پرواز کی تاریخ سے 30 دن کے اندر استفادہ کرسکیں گے۔ خواہ مسافر کسی بھی وجہ سے اس وائرس کا شکار ہوا ہو۔ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ اس نے اس اسکیم کے تحت مسافروں کے بیمے کیلئے اپنے اربوں ڈونگ مختص کردیئے ہیں۔ اس اسکیم سے استفادے کیلئے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت ویت جیٹ کے قواعد وضوابط کے مطابق تمام معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جس میں مکمل نام، ثبوت کے طورپر متعلقہ آئی ڈی، تاریخ پیدائش، رابطے کا فون نمبر اور ای میل ایڈریس شامل ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کو مرض سے بچائو اور کنٹرول کے حوالے سے ویت جیٹ اور وزارت صحت کے تمام قواعد وضوابط پر عمل کرنا ہوگا، کیونکہ ایئرلائنز مختلف قومیتوں اور عمر کے لوگوں میں کوئی امتیاز نہیں برتے گی، اس لئے جن لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے یا جو کسی حفاظتی قواعد و ضوابط مثلاً  آئسولیشن یا سفر کی پابندی وغیرہ کی خلاف ورزی کریں گے، وہ سفر کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ مرگی، ذہنی امراض یا خودکشی کا رجحان رکھنے والے مسافر اس اسکیم کے تحت انشورنس کوریج کے حقدار نہیں ہوں گے۔ انشورنس کلیم کرنے کے خواہاں مسافر ایئرلائنز کی ویب سائیٹ پر دستیاب فارم پر درخواست دے سکتے ہیں، مسافروں کو اس بات کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا کہ ان کا کووڈ19کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، اس کے ساتھ ہی مسافروں کو وائرس کے علاج کا ثبوت بھی دینا ہوگا، اس ایئر لائنز کے کنٹروورسی کا یہ پہلا موقع نہیں ہے، 2012 میں ایئرلائن پر دوران پرواز اپنے طیارے میں بکنی شو کا اہتمام کرنے پر جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ویت نام میں 113 افراد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔
تازہ ترین