• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمعون عباسی، محب مرزا سمیت 21 پاکستانی شہری تھائی لینڈ میں پھنس گئے

شمعون عباسی،محب مرزا سمیت 21 پاکستانی شہری تھائی لینڈ میں پھنس گئے


اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی اور محب مرزا سمیت 21 پاکستانی شہری تھائی لینڈ میں پھنس گئے ہیں جنہیں وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے.

حکومت پاکستان کی جانب سے ایئرلائنز بند کرنے کے بعد سے کئی پاکستانی دنیا بھر میں پھنس گئے تھے۔ 

مذکورہ دونوں اداکاروں نے اپنے ویڈیو پیغامات میں حکومت سے اپیل کی ہے کہ بنکاک کے لیے خصوصی پرواز چلا کر ان پاکستانیوں کو واپس لایا جائے۔

اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی اور محب مرزا سمیت 21 پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کا گروپ ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے فروری میں تھائی لینڈ پہنچا تھا۔

شوٹنگ ختم ہونے کے بعد پورا عملہ بنکاک سے 140  کلومیٹر تھائی لینڈ کے علاقے کچناپوری میں موجود ہے۔

اداکار شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے دوسرے ممالک میں پھنسے مسافروں کو پاکستان لارہی ہے تاہم ان ملکوں کی فہرست میں تھائی لینڈ شامل نہیں۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں حکومت سے اپیل کی اس وقت بنکاک سے پروازیں آپریٹ ہورہی ہیں لیکن اگر تھائی لینڈ نے بھی فضائی حدود بند کردی تو پھر مسائل مزید گمبھیر ہوجائیں گے۔

اداکار محب مرزا کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ موجود لوگ صحت عامہ کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بس حکومت سے گزارش ہے کہ ہماری وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو روکنے کے لیے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سمیت کئی شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔

تازہ ترین