• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے اپنی اے ٹی ایم کو فائدہ پہنچایا،عظمیٰ بخاری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی اے ٹی ایم کو فائدہ پہنچایا ،پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ یوں لگتا ہے تحریک انصاف فیس سیونگ کی کوشش کررہی ہے ،تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا کہ ماضی میں جوابدہی کی ایسی مثال کسی نے قائم نہیں کی۔ رہنما مسلم لیگ نون عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چینی اور گندم بحران سے متعلق رپورٹ حکومت نے جاری نہیں کی بلکہ یہ ایک نجی چینل نے لیک کی ہے ۔ عمران خان قربانی کے بکرے ڈھونڈ کر خود بچ جاتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ذمے داریاں قبول کریں عمران خان نے پنجاب حکومت کو کہا کہ سبسڈی دی جائے اورانہوں نے اپنی اے ٹی ایم کو فائدہ پہنچایا ۔عامر کیانی پر کرپشن کے الزامات آئے معاملہ دب گیا ،اعظم سواتی اور غلام سرور کے متعلق بھی کچھ نہیں ہوا ۔واجد ضیا کی تاریخ ہے وہ وزیراعظم کو گھر بھیجتے ہیں ۔ جو لوگ جہازوں میں بھر کر لوگوں کو لائے انہوں نے منافع کمایا ۔ای سی سی نے چینی بر آمد کرنے کی اجازت دی ۔زراعت کی ٹاسک فورس کاچیئر مین ایک نااہل شخص کو لگا دیا گیا اس پر بھی وزیراعظم جوابدہ ہیں۔حکومت نے دوگنا منافع بنانے کیلئے مکانزم بنایا ۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ ای سی سی میں خسروبختیار آتے تھے میں نے انہیں روکا ۔شوگر مافیا کے کیخلاف اسدعمر بھی بیانات دیتے رہے ہیں۔وزیراعظم پہلے کہتے رہے کہ جہانگیرترین چینی کے بحران میں ملوث نہیں اب ان کا نام سامنا آیا ہے۔ جہانگیرترین کہہ چکے ہیں کہ سبسڈی دینے والا مجرم ہے وہ وزیراعظم سے فاصلہ کررہے ہیں ۔وزیراعظم اور عثمان بزدار کی گرفتاری ہونا چاہئے دونوں ملک میں بحران کے ذمے دار ہیں۔رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ نے کہا کہ رپورٹ ابھی مکمل نہیں ہوئی ندیم افضل چن کہہ چکے ہیں کہ رپورٹ لیک ہوئی ہے ۔یو ں لگتا ہے تحریک انصاف فیس سیونگ کی کوشش کررہی ہے ۔کورونا کی وبا سرپر کھڑی ہے اور وزیراعظم کابینہ میں تبدیلیاں کررہے ہیں کہیں نہ کہیں کوئی مسئلہ ضرور ہے ۔اگر حکومت مثال قائم کرنا چاہتی ہے تو چینی اور گندم بحران کی تحقیقات نیب کے سپرد کی جائے ۔فارن فنڈنگ کیس ختم کردیا گیا اگر کیس چلا تو وزیراعظم اور پی ٹی آئی پر بڑے سوالات اٹھیں گے ،ان کے ساتھ ادویات اور بجلی چور بھی بیٹھے ہیں ۔اس رپورٹ کے بعد وزیراعظم کی ایمانداری پر سوالات اٹھائے جائیں گے ۔شہزاد اکبر اورفردوس عاشق اس موضوع پر عوام کو آگاہ کریں۔وزیراعظم کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔کورونا سے پاکستان کو خطرات ہیں۔پی ٹی آئی کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے ۔ہمیں معلوم تھا کہ حکومت میں اے ٹی ایم مشینیں موجود ہیں ۔عمران خان قوم کی رہنمائی کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف ولید اقبال نے کہا کہ رپورٹ حتمی ہے ۔رپورٹ وزیراعظم کی ہدایت پر شہزاد اکبر نے جاری کی ۔حکومت جاننا چاہتی تھی کہ چینی اورگندم کے بحران کا ذمے دار کون ہے ۔اگر کسی نے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے تو اس سے سوال ضرور ہوگا ۔ کابینہ کے ایک فرد کی غلطی کی سزا تمام وزراء کو نہیں دی جاسکتی ۔جس سے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے سزا بھی اسی کو ملے گی ۔ ماضی میں جوابدہی کی ایسی مثال کسی نے قائم نہیں کی ۔ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے دور میں بھی ایسے بحران جنم لیتے رہے لیکن کبھی ایسی تحقیقات نہیں ہوئیں ۔ یہ ابتدا ہے آگے بہت کچھ ہونا باقی ہے ۔گندم اورچینی کی قیمتیں کیوں بڑھیں اس کا جواب تحقیقاتی رپورٹ میں دیا گیا ہے فرانزک آڈٹ کے بعد مزید وضاحت ہوگی ۔دیکھا جائے گا کہ کیا خسروبختیار نے کسی پر دباوٴ ڈالا یا نہیں ۔وزیراعظم نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کرکے وعدہ پورا کردیا ۔25اپریل کو فارنزک رپورٹ آئے گی ،آصف زرداری کی بھی شوگر ملز ہیں وہ صدر کیوں بنے کیوں کہ اس سے بھی مفادات کا ٹکراوٴ ہوا ہے۔میزبان منیب فاروق نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ چینی اور گندم بحران سے متعلق رپورٹ آنے کے بعد وزیراعظم نے بڑے فیصلے کئے ہیں ۔جہانگیرترین کو زرعی ٹاسک فورس کی سربراہی سے ہٹاد یا گیا ہے جس کا اعلان شہبازگل نے ٹوئیٹ کے ذریعے کیا جبکہ جہانگیرترین رپورٹ کو سیاسی قراردے چکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذمے داراعظم خان ہیں ذرائع کے مطابق جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم سے رابطے میں ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ رپورٹ لیک ہوئی جس کے بعد حکومت کو یہ رپورٹ تسلیم کرنا پڑی ۔پنجاب حکومت کو سبسڈی دینے کا منع کیا گیا پھر بھی سبسڈی دے دی گئی پنجاب حکومت میں اتنا طاقتور کون ہے پتا چلنا چاہئے۔

تازہ ترین