پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ ایک امتحان ہے، ہم نے بھی کورونا کے خلاف جنگ میں سیاست کو ایک طرف رکھ دیا ہے۔
شہبازشریف کی زیرصدارت زراعت سے متعلق ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کی مرکزی وصوبائی قیادت اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب نے ایک اہم موضوع پر اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔
انہوں نے اجلاس میں شریک زرعی ماہرین سے کہا کہ اس اجلاس میں آپ کی تجاویز ایک صدقہ جاریہ کا درجہ رکھتی ہیں، آپ کی تجاویز مشکل کا شکار قوم کی مدد کے لیے ہیں، اس وقت آپ پاکستانی ہیں، آپ کے سب شہری برابر ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ کورونا نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، معیشت اور معاشرے کے تمام پہلو کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔