• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور کے ایک جملے نے مجھے اداکار بنایا، شاہ رخ خان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ رشی کپور کے حوصلہ افزائی کرتے  ایک جملے سے میں اپنی ہی سوچ میں اداکار بن گیا تھا۔

 بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے انسٹاگرام پر اپنے فلمی کیریئر کی پہلی فلم  ’دیوانہ‘ کی ایک تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ساتھ گزشتہ روز دنیا سے رخصت ہونے والے  رشی کپور بھی موجود ہیں۔


شاہ رخ خان نے اپنی اس پوسٹ کے ذریعے رشی کپور کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کیا اور رشی کپور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے طویل پیغام بھی لکھا۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی اداکار رشی کپور67 سال کی عمر میں چل بسے

بالی ووڈ کنگ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ اِس تصویر میں غیر محفوظ محسوس کررہے تھے کیونکہ کیرئیر کے آغاز میں انہیں ڈر تھا کہ وہ باصلاحیت نہیں ہیں اور شوبز کی دنیا میں مقام بنانے میں ناکام رہیں گے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’میری اس سوچ کا کوئی خاص مقصد نہیں تھا، نہ مجھے ناکامی سے کوئی فرق پڑتا  کیونکہ میں اس لیے خوش تھا کہ مجھے لیجنڈری اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

شاہ رخ خان نے لکھا کہ فلم ’دیوانہ‘ کی شوٹ کے پہلے کام ختم کرنے کے بعد رشی کپور نے میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی ازلی مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ ’یار تجھ میں بہت توانائی اور ہمت ہے۔‘

اداکار کا کہنا ہے کہ سینئر اداکار رشی کپور کے اس حوصلہ افزا جملے کی وجہ سے وہ  اپنی ہی سوچ میں ایک اداکار بن گئے تھے۔

اُنہوں نے لکھا کہ ایسے تو  رشی کپور  ہمیشہ اُن کی یادوں میں رہیں گے لیکن اُن سے متعلق جو چیز سب سے زیادہ وہ مِس کریں گے وہ سر پر تھپکی دینا ہے۔

شاہ رخ خان نے اپنے پیغام میں یہ بھی  لکھا کہ ’میں ہمیشہ رشی کپور کو دِل میں یاد رکھوں گا کیونکہ آج میں جو کچھ ہوں اُن کی وجہ سے ہی ہوں۔‘

بالی ووڈ کنگ نے اپنی اِس پوسٹ میں کپور خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز فلم ’دیوانہ‘ سے کیا تھا جس میں رشی کپور بھی ان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہے تھے۔

فلم دیوانہ کے علاوہ شاہ رخ خان نے رشی کپور کے ساتھ فلم جادو، لک بائے چانس، اوم شانتی اوم  اور جب تک ہے جاں میں بھی کام کیا ہے۔

تازہ ترین