• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقات ہونی چاہیے، معید یوسف

وزیر اعظم کے معاون خصوصی معید یوسف کا کہنا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنا چاہیے۔

لندن میں کشمیر سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بھارت کووڈ 19 کی آڑ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کووڈ19 وبائی مرض کی دانستہ بدانتظامی پر بین الاقوامی تفتیش ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چوتھے جینیوا کنونشن کی خلاف ورزی کررہا ہے، چوتھا جنیوا کنونشن لازم قرار دیتا ہے کہ وبائی مرض میں بین الاقوامی امدادی تنظیموں تک رسائی ہو۔

معید یوسف نے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز، انٹرنیشنل ریڈ کراس اور انٹرنیشنل میڈیکل کور کے ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر تک رسائی حاصل کریں اور ضرورت کی اس گھڑی میں کشمیریوں کی مدد کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مودی ہٹلر کے نظریے ’نازی ازم‘ سے متاثر ہے اور مودی علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کشمیری ہندوستانی قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں، بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کر رہا ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

تازہ ترین