• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PIA حادثہ، تُرک اداکار نے اپنی انسٹاگرام پروفائل پر پاکستانی پرچم لگادیا

گزشتہ روز کراچی میں پیش آنے والے ایک المناک فضائی حادثے پر جہاں دُنیا بھر کے فنکار شدید غم کا اظہار کررہے ہیں، وہیں تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں سپاہی عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال نے بھی تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانیوں سے اِظہار تعزیت کے لیے اپنی پروفائل کو پاکستانی رنگ میں رنگ دیا۔

جلال نے پاکستانیوں کے غم میں برابر کا شریک ہونے کے لیے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر تبدیل کرکے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کی تصویر لگا دی۔

اِس کے علاوہ جلال نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بھی پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کی۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ اِس تصویر کے ساتھ اُنہوں نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے اِس مشکل وقت میں اور اُن کے اِس درد میں برابر کے شریک ہیں۔‘

جلال نے اپنی پوسٹ میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دُعا بھی کی۔

دوسری جانب ’دیرلیش ارطغرل‘ کے پروڈیوسر ’مہمت بوزداگ‘ نے بھی انسٹاگرام پر پاکستان کے جھنڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طیارہ حادثے پرحکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے تہہ دل سے تعزیت کا اظہار کیا۔


مہمت بوزداگ نے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور اُن کے گھر والوں کو صبر عطا کرے آمین۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کے حادثے میں97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

تازہ ترین