• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی خواتین پیس کیپرز اپنی شناخت بنارہی ہیں

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان کی خواتین پیس کیپرز اقوام متحدہ کے مشنز میں اپنی شناخت بنارہی ہیں، گزشتہ 60سالوں میں پاکستان 2 لاکھ سے زائد اقوام متحدہ پیس کیپرز تعینات کرچکا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پیس کیپرز کی یاد میں پاکستان عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گیٹرس نے جنگ سے متاثرہ ممالک میں لوگوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اقوام متحدہ پیس کیپرز کے بین الاقوامی دن پر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں ایک پاکستانی سپاہی عامر اسلم بھی شامل ہیں جنہوں نے جمہوریہ کانگو میں یو این آرگنائزیشن اسٹیبلائزیشن مشن میں خدمات سرانجام دیں۔ اقوام متحدہ پیس کیپرز کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ چیف کا کہنا تھا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران 3 ہزار 9 سو سے زائد نے اپنی جان کھودی۔ اس سال کا مرکزی خیال ’ امن وسلامتی کے قیام میں خواتین‘ امن کارروائیوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ امن و سلامتی کے لئے پرعزم پاکستانی خواتین اپنی شناخت بنا رہی ہیں اور مزید خواتین کو مشن میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کے لئے میراث چھوڑ رہی ہیں۔ پاکستان نے 15 فیصد خواتین عملہ افسران کی تعیناتی کا ہدف حاصل کرلیا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے مشنز میں تقریباً 450 خواتین خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ کم سے کم 157 پاکستانی پیس کیپرز شورش زدہ ممالک میں لوگوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
تازہ ترین