• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں رہائش پذیر پاکستان کی واحد خاتون شیف شہربانو اپنے بہترین کھانوں کی بدولت جاپانی عوام میں تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہیں۔

ٹوکیو کے معروف تجارتی علاقے کایاباچو Kayabacho میں موجود معروف پاکستانی ریستوران میں شہربانو کے تیار کردہ بہترین کھانوں جن میں بریانی، چکن تکے ، سیخ کباب اور کڑاہی سمیت لذیز کیک ، بسکٹس اور پیٹیز نے جاپانی عوام کو ان کا گرویدہ بنادیا ہے۔

ریستوران کے مالک پاکستانی نژاد جاپانی شہری نریسکا شاکر خان بھی شہربانو کی بڑھتی ہوئی مقبولت سے خاصے خوش ہیں جن کا کہنا ہے کہ شہربانو انتہائی محنتی اور کام سے محبت کرنے والی شیف ہیں جو کام کو عبادت سمجھ کرکرتی ہیں اور وہ اگر ریستوران نہ بھی آئیں تو شہربانو کی محنت اور لگن میں کوئی کمی نہیں آتی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان میں مقبول ہوتی ہوئی شیف شہر بانو نے بتایا کہ وہ ایک پروفیشنل شیف ہیں جس کی تربیت انھوں نے لاہور کے ایک فائیو اسٹارہوٹل سے حاصل کی اور وہیں کئی برس تک ملازمت بھی کی لیکن پھر انہیں جاپان آنے کا موقع ملا کیونکہ وہ دنیا بھر میں گھومنا اوردنیا بھر کے کھانوں سے رغبت رکھتی ہیں اس لیے انہوں نے فوراََ جاپان آنے کی حامی بھرلی اور آج ایک کامیاب شیف کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

شہر بانو جو جاپانی شہریوں میں شیری کے نام سے بھی مشہور ہیں نے بتایا کہ ان کے اصل اور مستقل گاہک جاپانی شہری ہیں جو دن میں لنچ ٹائم پر نواب ریستوران کی بریانی اور تکے کھانے یہاں آتے ہیں جبکہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ انہیں ہمارے کھانے کھانے کے لیے لمبی لائنوں میں لگنا پڑتا ہے۔

شہر بانون نے بتایا کہ کیونکہ جاپانی کھانے ذائقے میں بہت مختلف ہوتے ہیں یہاں مرچ مصالحے کم کھائے جاتے ہیں لیکن آہستہ آہستہ جاپانی عوام میں پاکستانی بریانی کا ذائقہ مقبول ہوتا جارہا ہے اور اب بڑی تعداد میں دور دور سے جاپانی شہری یہاں کھانا کھانے آتے ہیں۔

شہر بانو کے مطابق وہ چار بہنیں اور دو بھائی ہیں، والد پندرہ برس قبل وفات پاچکے تھے جبکہ والدہ کی وفات کو بھی سات برس ہوچکے ہیں لیکن بھائی بہنوں میں بہت محبت ہے اور سب ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں۔

شہر بانو نے بتایا کہ وہ جاپان کے علاوہ چین اور سری لنکا بھی گھوم چکی ہیں اور وہاں کے کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوچکی ہیں تاہم پاکستانی کھانے دنیا کے بہترین اور ذائقہ دار کھانے ہیں۔

شہر بانو نے اپنے ریستوران کے مالک نریسکا شاکر خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی شریف انسان ہیں اور اپنے تمام اسٹاف کو اپنی فیملی کی طرح سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سالوں سے یہاں خوشی سے کام کررہی ہیں اور مستقبل میں بھی ان ہی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔

شہر بانو نے کہا جاپانی عوام بہت سادہ اور ایماندار لوگ ہیں ان کے ساتھ رہ کر وطن کی یاد تو آتی ہے لیکن دل بھی لگا رہتا ہے۔

تازہ ترین