• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرم و حیا،عفت و پاکیزگی ایک مسلمان کی بنیادی شناخت اور اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے۔اسلام نے جو معاشرتی نظام تشکیل دیا ہے ،اس میں شرم و حیا اورعفت و پاکیزگی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا ارشادِ گرامی ہے:’’حیا ‘‘ایمان کا ایک بنیادی شعبہ ہے۔اسی بنیاد پر فرمایا گیا :جب تم حیا کو کھودو،تو جو چاہے کرو۔یعنی انسانی زندگی سے اگر شرم و حیا معدوم ہوجائے تو ایسی زندگی کی کوئی قدرومنزلت نہیں۔اس لیے کہ شرم و حیا اسلامی معاشرے کے لازمی جزو ہیں۔اسلامی تہذیب وثقافت اور مسلم معاشرہ برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم رکھتا ہے۔ دنیا میں اسلام سے بڑھ کر کوئی مذہب بے حیائیوں پر روک لگانے والا نہیں۔ قرآن و حدیث میں فحاشی کی بنیاد یعنی آنکھ کی بے احتیاطی کو سختی سے قابو میں رکھنے کی تلقین کی گئی ہے، یہ ایسی بنیاد ہے اگر صرف اس پر ہی قابو پالیا جائے تو ساری بے حیائیاں دنیا سے رخصت ہوسکتی ہیں۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے : اے نبی ﷺ! مومن مردوں سے کہو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں۔ 

اے نبی ﷺ! مومن عورتوں سے کہہ دو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیںاور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں۔(سورۃ النور)سورۂ احزاب میں مومن عورتوں سے خطاب میں ارشاد فرمایا گیا : تم اپنے گھروں کے اندر رہو اور بے پردہ ہو کر باہر نہ نکلو جس طرح پہلے زمانے کے دور جاہلیت میں عورتیں بے پردہ باہر نکل کر گھومتی پھرتی تھیں۔حدیث قدسی میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ’’ نگاہ ابلیس کے زہریلے تیروں میں سے ایک تیر ہے ۔ جو شخص مجھ سے ڈر کر اس کی حفاظت کرے گا، میں اس کے بدلے ایسا ایمان دوں گا جس کی حلاوت وہ اپنے دل میں پائے گا‘‘۔ (طبرانی )

حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بے حیائی جب کسی میں ہوتی ہے تو اسے عیب ناک بنا دیتی ہے اور شرم و حیا کسی میں ہوتی ہے تو اُسے زینت دیتی ہے۔(سنن ترمذی) حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حیا ء ایمان کاحصہ ہے اور ایمان جنت میں لے جانے والا ہے ،جب کہ بے حیائی ظلم میں سے ہے اور ظلم جہنم میں لے جانے والا ہے۔(سنن ترمذی )

رسول اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا:’’نظر شیطان کے تیروں میں سے ایک زہریلا تیر ہے، جو اس کی اللہ کے خوف سے حفاظت کرے، تو اللہ اس کے عوض اسے ایسا ایمان عطا کرے گا جس کی مٹھاس وہ اپنے دل میں محسوس کرے گا۔(الترغیب و الترہیب:۳/۲۴)

کسی غیرمحرم پر نگاہ ڈالنا، بالخصوص جبکہ بدنظری کے ساتھ نگاہ ڈالی جائے،خواہ غیرمحرم کی تصویر ہی کیوں نہ ہو اور ایسی چیز کو دیکھنا جس سے شریعت نے روکا ہو۔اس سے اجتناب دین کا بنیادی تقاضا ہے۔بدنظری بہت سے حرام کاموں کو جنم دیتی ہے جو انسان کے لیے مہلک ثابت ہوتے ہیں ،وہ حرام کام آدمی کورسوا کردیتے ہیں، جو کبھی عزت والا تھا آج وہ کہیں منہ نہیں دکھاسکتا۔ بدنظری سے بچ کر آدمی سیکڑوں گناہوں اور آفتوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔

حضرت ابومحمد حریریؒ فرماتے ہیں کہ جس پر اس کا نفس حاوی ہوجائے، وہ شہوات کا اسیر ہوجاتا ہے اور خواہشات نفس کی جیل میں قید ہوجاتا ہے ،اللہ تعالیٰ اس کے دل پر فوائد کے نزول کو حرام کردیتا ہے ،اس طرح وہ اللہ تعالیٰ کے کلام سے نہ لذت پاسکتا ہے، نہ اس پر عمل کرسکتا ہے۔

بدنظری اپنے دامن میں گناہوں کا سمندر رکھتی ہے اوراس کی سزائیں بھی سخت ہے۔بہت سے واقعات ایسے بھی سامنے آئے کہ جن سے معلوم ہوا کہ بدنظری کرنے والوں کو دنیا میں بھی بدنظری کی وجہ سے سزا بھگتنی پڑی۔چناںچہ حضرت ابن عباسؓسے روایت ہے کہ ایک آدمی آپﷺ کی خدمت میں خون بہاتے ہوئے حاضر ہوا، آپ ﷺنے اس سے پوچھا تیری یہ کیا حالت ہے؟ عرض کیا میرے پاس سے ایک عورت گزری تھی میں نے اس کی طرف دیکھ لیا، اس کے بعد میری آنکھ اس کی تاک میں رہی اور میرے سامنے ایک دیوار آگئی جس نے مجھے ضرب لگائی اور یہ کردیا ،جو آپ دیکھ رہے ہیں۔معلوم ہوا اللہ تعالیٰ کبھی کبھی بندے کو بدنظری کی سزا دنیا میں بھی دے دیتا ہے۔

بدنظری صرف اس کا نام نہیں ہے کہ غیرمحرم عورتوں کو دیکھ لیا، بلکہ بدنظری ایک وسیع عنوان ہے جو بہت سے طریقوں اور صورتوں کو اپنے اندر جذب کیے ہوئے ہے، اگر بغور دیکھا جائے تو بہت سی صورتیں سامنے آئیں گی جن میں سے چند بیان کی جاتی ہیں۔اس کی مختلف صورتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آدمی کسی دوسرے شخص کے گھر جائے اور داخل ہونے کی اجازت سے پہلے اس کے گھر یا کمرے میں دروازے، کھڑکی یا سوراخوں کے ذریعے جھانکے یقیناً یہ بھی ایک خطرناک صورت ہے جس کے بارے میں آپﷺ سے سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔

مسلم شریف کی ایک روایت میں ہے جو متفق علیہ ہے کہ جو شخص کسی کے گھر میں بلا اجازت نظر ڈالے تو گھر والوں کے لیے اس کی آنکھ پھوڑ دینا جائز ہے۔ (مسلم شریف:۲/۲۱۲)حضرت عمربن خطابؓنے ارشاد فرمایا کہ جس شخص نے داخلے کی اجازت سے پہلے گھر کا صحن آنکھ بھر کر دیکھا، اس نے گناہ اور فسق کا کام کیا۔(شعب الایمان:۶/۴۴۴)

حیا اور ادب و احترام کا تقاضا یہ ہے کہ ہم تنہائی کے عالم میں بھی حتیٰ الامکان اپنے ستر کو چھپانے کا اہتمام کریں۔ چناںچہ اس دنیا میں ایسے انسان بھی وجود میں آئے، جنہوں نے حیا کے اس تقاضے کو بھی پورا کیا اور تنہائی میں بھی سترکھولنے سے احتراز برتا۔ نبی کریم ﷺنے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ حیا کرنے والا اور سترپوشی پسند کرنے والا ہے۔ اس لیے جب تم میں سے کوئی غسل کا ارادہ کرے تو کسی چیز سے آڑ کرلے۔

مگر افسوس کہ تنہائی میں ہم کیا اہتمام کرتے ،بلکہ آج دریاؤں، سمندر کے ساحل پر بھی ہم ستر کا خیال نہیں کرتے۔ یا درکھئے والدین کے اعمال و اخلاق کا اولاد پر بہت اثر پڑتا ہے، اگر ہم شرم و حیا کے تقاضوں پر عمل پیرا ہوں گے تو ہماری اولاد بھی ان ہی صفات و خصائل کی حامل ہوگی اوراگر ہم شرم و حیا کا خیال نہ رکھیں گے تو اولاد میں بھی اس طرح کے خراب جراثیم سرایت کرجائیں گے۔علاوہ ازیں سترپوشی میں لاپروائی کا ایک اور نقصان حضرات فقہا نے لکھا ہے کہ اس کی وجہ سے آدمی پر بھول اورنسیان کا غلبہ ہوجاتا ہے اور ضروری باتیں بھی یاد نہیں رہتیں۔ہمارا رب اور ہمارا خالق و مالک تنہائیوں میں بھی ہمارے اعمال سے پوری طرح واقف ہے۔

شرم وحیا سے دوری اور بدنظری کا عمل نفس کی اصلاح کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور یہ عمل انسان کے باطن کے لیے تباہ کن ہے کہ دوسرے گناہوں سے یہ بہت آگے بڑھا ہوا ہے اور انسان کے باطن کو خراب کرنے میں اس کا بہت دخل ہے۔جب تک اس عمل کی اصلاح نہ ہو اور نگاہ قابو میں نہ آئے، اس وقت تک باطن کی اصلاح کا تصور محال ہے، نظر کی حفاظت کے بعد ہی انسان کو رتبہ حاصل ہوسکتا ہے۔

اس دنیا میں جہاں ایسے لوگ گزرے کہ وہ برے کام کرنے کی وجہ سے ہلاک و برباد ہوئے تو وہیں ایسے لوگ بھی وجود میںآئے،جو اپنی پاک دامنی اورگناہوں سے بچنے کے سبب اللہ کے مقرب بنے اور دنیا آج بھی انہیں یاد کرتی ہے، جب بھی گناہ کا شبہ ہوا تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعائیں کیں،شرم وحیا کا راستہ اپنایا اور گناہ سے بچ گئے۔

حدیث شریف میںآ تا ہے کہ جب مسلمان گناہ کرتا ہے تواس کے دل میں ایک سیاہ نقطہ پڑجاتا ہے، اگر اس نے توبہ کرلی اور استغفار کیا تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے اور اگر گناہ کرتا ہے اور توبہ نہیں کرتا تو یہ نقطہ پورے دل میں پھیل جاتا ہے اور پورا دل زنگ آلود ہوجاتا ہے اور دل کو عبادت کی لذت محسوس نہیں ہوتی۔ اس لیے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کیا جائے، شرم و حیا اور عفت و عصمت کا خاص اہتمام کرتے ہوئےاصلاحِ نفس اور اصلاحِ معاشرہ کی بھرپور جدوجہد کی جائے۔

تازہ ترین