• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ’غزہ ٹریبونل‘ میں حصہ لیں گی، جیریمی کوربن



برطانیہ کے سابق لیبر لیڈر جیریمی کوربن نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر فرانسسکا البانیز ’’غزہ ٹریبونل‘‘ میں شریک ہوں گی، یہ دو روزہ تقریب برطانیہ کے مبینہ جنگی جرائم میں کردار سے متعلق سوالات کے جواب تلاش کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔

کوربن، جو اس وقت ’’یور پارٹی‘‘ کے عارضی نام سے ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کی کوششوں میں ہیں، نے کہا ہے کہ یہ ٹریبونل ستمبر کے اوائل میں منعقد ہوگا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے ان کے اس نجی بل کو روک دیا تھا جس میں اسرائیل غزہ جنگ میں برطانیہ کے کردار پر باضابطہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس کے بجائے کوربن کے قائم کردہ پیس اینڈ جسٹس پراجیکٹ نے دو روزہ عوامی اجلاس کا اعلان کیا ہے جسے ’’غزہ ٹریبونل‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ 

ویب سائٹ کے مطابق، یہ ٹریبونل ماہرین اور عینی شاہدین کی گواہی کے ذریعے برطانیہ کے کردار کا جائزہ لے گا اور اس بات کا تعین کرے گا کہ فلسطینی عوام کے خلاف مبینہ نسل کشی میں حکومت کس حد تک شریک رہی ہے۔

ایڈنبرا فیسٹیول فرنج میں خطاب کرتے ہوئے کوربن نے کہا کہ فرانسسکا البانیز، جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہیں، اس ٹریبونل میں اپنی رائے پیش کریں گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ اجلاس 4 اور 5 ستمبر کو چرچ ہاؤس، ویسٹ منسٹر میں ہوگا، جس میں وکلا، ماہرین اور غزہ و مغربی کنارے سے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ 

کوربن کے مطابق، البانیز اس عمل میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہیں اور وہ اس کے قانونی پہلوؤں پر اپنی رائے دیں گی۔ 

انہوں نے اس ٹریبونل کا موازنہ عراق جنگ پر ہونے والی چلکوٹ انکوائری سے کیا۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 غیر سرکاری تنظیموں، جن میں ایکشن ایڈ بھی شامل ہے نے کوربن کے مطالبے کی حمایت کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت نے تحقیقاتی بل روک دیا تو وہ ایک آزاد ٹریبونل قائم کرنے پر غور کریں گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید