• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے بچوں کے تحفظ کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان کو ووٹ دیا تھا۔

نادیہ جمیل جو کہ بچوں کے حقوق اور اُن کے تحفظ کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتی نظر آتی ہیں اُنہوں نے ایک بار پھر مالکان کے ہاتھوں قتل ہونے والی 8 سالہ کمسن ملازمہ زوہرا شاہ کے واقعے کے بعد بچوں کےحق میں اپنی آواز اُٹھائی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے اُن سے سوال کیا کہ پاکستان میں اب بھی بچے مزدوری کیوں کر رہے ہیں؟‘

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’میں نے ریاست مدینہ قائم کرنے کی خاطر عمران خان کو ووٹ دیا تھا، میں نے وزیراعظم کو پاکستان میں بچوں کے تحفظ کی وجہ سے ووٹ دیا تھا۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’بطور چائلڈ ورکر میں اپنی اُمید سے کبھی محروم نہیں ہوں گی اور میں یہ گزشتہ کئی سالوں سے سنتی آرہی ہوں کہ بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اُٹھائے جار ہے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اگر ہم اپنے مقصد تک پہنچنا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے آسان اقدامات کرسکتے ہیں تاکہ ہمارے ملک کا ہر بچہ محفوظ رہے۔‘

نادیہ جمیل نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہر ملک میں ہی ہے کیونکہ ہر جگہ ایسے ظالم لوگ موجود ہیں جو بچوں کو تکلیف دیتے ہیں لیکن بچوں کی حفاظت کے لیے بنائے گئے قانون سے یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’پاکستان میں بھی ایک ایسا نظام ہونا چاہیےجس پر بچے اپنی حفاظت کے لیے ہر طرح سے انحصار کرسکیں ۔‘

آخر میں اُنہوں نے سب کو بچوں کے تحفظ کے لیے آواز اُٹھانے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں راولپنڈی میں مالکان کے ہاتھوں 8 سالہ کمسن ملازمہ زوہرا شاہ کا قتل ہوا تھا، پولیس کے مطابق گھر کی صفائی کے دوران جب زوہرا شاہ طوطے کا پنجرہ صاف کر رہی تھی تو اُسی دوران دو طوطے اُڑ گئے تھے جس کے بعد اُس کے مالکان نے اُسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زوہرا شاہ انتقال کر گئی۔

اِس واقعےکے بعد مایا علی، ماہرہ خان، عثمان خالد بٹ سمیت دیگر نامور فنکاروں نے زوہرا شاہ کےانصاف کی فراہمی کیلئے اپنی آواز بلند کی تھیں۔

تازہ ترین