• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیرِ خارجہ نے جان بولٹن کو غدار قرار دے دیا

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کو غدار قرار دے دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر لگائے گئے الزامات کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ بہت افسوس ناک اور خطرناک بات ہے کہ بالآخر جان بولٹن کا عوامی کردار ایک غدار کا ہے جس نے عوام کے اعتماد کو توڑ کر امریکا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ جان بولٹن نے اپنی کتاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدے کے لیے انتہائی غیر موزوں ہیں۔

امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے اپنی کتاب میں تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر کے صدارتی انتخابات جیتنے کے لیے چین کے صدر شی جن پنگ سے مدد مانگی۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے مجھے پر چی پر لکھ کر دیا کہ ٹرمپ کے دماغ میں گوبر بھرا ہے، ٹرمپ کا ذاتی عملہ ان کی نقل اُتارتا ہے، ٹرمپ صدارتی دفتر کے لیےفٹ نہیں۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے ٹرمپ کو صدارتی دفترکے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کا خیال ہے کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ ایک مچھلی کی طرح کھیل سکتے ہیں۔

جان بولٹن نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ٹرمپ صدارتی عہدے کے لیے فٹ ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ وہ اس کام کو انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

جان بولٹن کی کتاب میں ان کے ازلی مخالف حلقوں کی گہری دلچسپی

جان بولٹن کی کتاب کی اشاعت رکوانے کی وائٹ ہاؤس کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتاب جھوٹ کا پلندہ ہے جس میں من گھڑت کہانیاں لکھی گئیں، مجھ سے منسوب باتیں غلط ہیں۔

دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ اس کا امریکی الیکشن میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

تازہ ترین