• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، اسلام آباد اور پشاور میں چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو ہو گئی۔

وفاقی ادارۂ شماریات نے ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے تک پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے۔

وفاقی ادارۂ شماریات کے مطابق گزشتہ 4 ہفتوں میں 11 روپے سے زائد اضافے کے بعد چینی کی اوسط قیمت 92 روپے کلو ہوگئی ہے۔

مہنگائی پر ادارۂ شماریات کی جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور پشاور میں چینی 100 روپے کلو بک رہی ہے، کراچی، راول پنڈی اور کوئٹہ میں چینی 95 روپے کلو بک رہی ہے۔

وفاقی ادارۂ شماریات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، لاڑکانہ، ملتان اور بہاولپور میں چینی 90 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ سکھر، حیدر آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں چینی 92 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 91 روپے 92 پیسے فی کلو ہے۔

ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ آٹے سمیت 17 اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں 1 ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

چینی کی قیمتوں میں اضافے پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ چیلنج

ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 10 روپے، ٹماٹر 14 روپے فی کلو مہنگے ہوئے، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک ہفتے کے دوران 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 15 روپے فی کلو سستی ہوئی، دال مونگ 3 روپے، دال چنا، دال مسور 2 روپے سستی ہوئیں۔

ادارۂ شماریات کے مطابق 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی 0 اعشاریہ 31 فی صد بڑھی ہے۔

تازہ ترین