• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجا بشارت نے خاتون سے زیادتی کو اندھی واردات قرار دیدیا


وزیر قانون راجا بشارت نے لاہور موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے واقعے کو اندھی واردات قرار دے دیا۔

راجا بشارت کی سربراہی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پولیس افسران سے بریفنگ لی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں راجا بشارت نے خاتون سے زیادتی کی واردات کے متعلق کہا کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے، جس کا کوئی ثبوت نہیں کہ اسے لے کر آگے چلیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیس پنجاب حکومت اور لاہور پولیس کے لیے چیلنج ہے، اصل ملزمان تک پہنچ کر انہیں سزا دلوائی جائے گی۔

راجا بشارت نے مزید کہا کہ کرائم سین سے فارنزک شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، جس کی رپورٹ جلد آجائے گی ۔

ان کا کہنا تھاکہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل ہوچکا ہے اور ڈی این اے بھی لے لیا ہے، ہمارا اصل فوکس اصل ملزمان تک پہنچنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: زیادتی کا شکار خاتون سے چھینی گئی انگوٹھی، گھڑی مل گئی

صوبائی وزیر قانون نے یہ بھی کہا کہ عوام کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے، حکومت کی طرف سے کسی قسم کی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنا عام آدمی کا دل دکھی ہے اتناہی وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت کا ہے۔

راجا بشارت نے کہاکہ واقعے سے متعلق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا بیان مناسب نہیں تھا۔

واضح رہے کہ بدھ کو لاہور میں گجر پورہ کے علاقے میں 2 ملزمان نے ڈکیتی کے دوران خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک ان کی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

خاتون نے گوجرانوالہ میں اپنے رشتے دار کو اس حوالے سے آگاہ کیا، جس نے اسے موٹر وے پولیس کو اطلاع کرنے کا کہا۔

خاتون کافی دیر تک موٹر وے پولیس کا انتظار کرتی رہی، ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اسکے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تازہ ترین