• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے زیادتی کیس: زیر حراست وقار کا اہم انکشاف


لاہور موٹر وے زیادتی کیس میں زیر حراست وقار الحسن کی جانب سے ایک اور اہم انکشاف سامنے آیا ہے، وقار نے بتایا کہ کیس میں نامزد مرکزی ملزم عابد ایک عرصہ سے شفقت نامی شخص کےساتھ وارداتیں کرتا آرہا ہے۔

زیر حراست وقارالحسن کے مطابق عابد کا دوست شفقت بہاولنگر کا رہائشی ہے اور یہ دونوں ملزمان ایک عرصہ سے مل کر وارداتیں کرتے آ رہے ہیں۔

پولیس نے وقارالحسن کے اس انکشاف کے بعد شفقت کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بہاولنگر اور شیخوپورہ روانہ کردی گئی ہیں۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست وقارالحسن ابتدائی تحقیقات میں واقعے میں ملوث نہیں پایا گیا ہےتاہم ڈی این اے رپور ٹ آنے کے بعد ہی اس بات کا حتمی فیصلہ ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مقدمہ میں مطلوب ملزم وقار الحسن نے گزشتہ روز سی آئی اے ماڈل ٹائون پولیس کو ازخود گرفتاری دیدی، ملزم نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ میں بیگناہ ہوں جبکہ خاتون نےبھی شناخت سے انکار کردیا ہے،تاہم ملزم کاڈی این اے سیمپل لے لیاگیا ہے۔

ملزم نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ وقوعہ کے روزاستعمال ہونے والی سم میرے سالے عباس کےپاس ہے،وہ جلدگرفتاری دیگا جبکہ ایک پولیس افسر نے انکشاف کیاہے کہ ملزم وقارخودپیش نہیں ہوا اس کو چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا ہے۔

شیخوپورہ پولیس کے ترجمان کے مطابق وقار کاکوئی سابقہ کریمنل ریکارڈ نہیں ہے۔

کیس میں مرکزی ملزم عابد تاحال گرفتار نہ ہوسکا،پولیس نے2بھائی اور والدکوحراست میں لے لیا،عابدکے اہل علاقہ بھی پھٹ پڑے ہیں ان کاکہناتھاکہ ملزم عابد اور اس کے گھروالے جھگڑالو، چوری چکاری میں ملوث رہتے تھے۔

دوسری طرف پولیس حکام نے واٹس ایپ کے ذریعے ملزم وقارالحسن کی ویڈیو متاثرہ خاتون کو بھیجی تو خاتون نے بھی ملزم وقار کی شناخت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقار واقعے میں شامل نہیں تھا۔

دوسری جانب وقار الحسن کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا ملزم ہوتا تو خود پولیس میں پیش کیوں ہوتا؟

وقار الحسن کی والدہ نے یہ بات ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا ایک بیٹا بیمار ہے، وقار کو جب واقعے کا پتہ چلا تو اس نے کہا کہ میں پیش ہو رہا ہوں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپیل ہے کہ انصاف کیا جائے۔

وقار کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے نمازی اور پرہیزگار ہیں، ان کی زندگی بخش دی جائے، وقار الحسن کی قلعہ ستار شاہ میں موٹر سائیکل مرمت کی دکان ہے۔

ملزم کی والدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے بیٹے وقار میں کوئی عیب ہوتا تو وہ پیش نہ ہوتا، اس کی 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے ہیں۔

تازہ ترین