• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عورت کو چیز نہیں انسان سمجھا جائے: اعجاز اسلم

پاکستان کے معروف اداکار اعجاز اسلم کا کہنا ہے کہ عورت کو چیز سمجھنے کی بجائے انسان سمجھا جائے۔

لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوام کے ساتھ حکومت اور شوبز کی معروف شخصیات بھی اس حادثے پر آواز اٹھارہی ہیں اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔

اسی تناظر میں اعجاز اسلم نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ایک صحت مند معاشرے میں خواتین کو محفوظ محسوس کروایا جاتا ہے اور اسے اس بات کا اطمینان دیا جاتا ہے کہ اسے ہر حال میں سنا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بطور مرد ہماری پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ ہماری موجودگی خواتین کو خوف زدہ کرنے کی بجائے عزت کے محفوظ ہونے کا احساس دلائے۔

اعجاز اسلم نے یہ بھی لکھا کہ ہم سب کو خواتین کو عزت اور مقام دینا چاہیے جس کی وہ حقدار ہیں۔

اس سے قبل اداکارہ سجل علی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ موجودہ نظام کو ہمیشہ کسی بھی ایکشن کیلئے بروقت احتجاج کی کیوں ضرورت پیش آتی ہے؟‘

انہوں نے لکھا کہ ہماری عوام کب تک اس خوف کا سامنا کرے گی اب تو ہمارے بچے، خواتین اور یہاں تک کہ جانور بھی جنسی زیادتی سے محفوظ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون کے ساتھ افسوس ناک واقعہ رو نما ہوا، خاتون کا لاہور موٹر وے پر گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

تازہ ترین