• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی حکومت کا وژن معاشی راہداری روابط کا فروغ ہے، معید یوسف


وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا وژن معاشی راہداری روابط کا فروغ ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کی خواہش رکھتا ہے، افغانستان کا مستقبل مذاکرات میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کیلئے سب سے زیادہ تعمیری کردار ادا کیا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا وژن معاشی راہداری روابط کا فروغ ہے اور معاشی راہداری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ ہم معاشی راہداری اور روابط کے ذریعے علاقائی تعاون کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

معید یوسف نے کہا کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں تجارتی روابط کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الافغان امن مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا صرف افغان کو حق ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ کسی بھی بیرونی ملک کو افغانستان میں امن کا ضامن تصور نہیں کیا جاسکتا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پُرامن مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا خواہاں ہے۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ یو این قراردادوں کی خلاف ورزی، یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات مذاکرات میں رکاوٹ ہیں۔

تازہ ترین