• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک صارفین پر بوجھ نہیں ڈال سکتے، چیئرمین نیپرا

بجلی کی قیمت بڑھانے سے متعلق کے الیکٹرک کی درخواست کی نیپرا میں سماعت ہوئی، جس کے دوران چیئرمین نیپرا نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی باتیں سن کر سرمایہ کاری کے نام پر صارفین پر بوجھ نہیں ڈال سکتے۔

کے الیکٹرک نے نیپرا میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 54 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کر رکھی ہے۔

نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک نے اب تک سرمایہ کاری کے اہداف پورے نہیں کیئے، چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک صارفین کیلئے جتنا کچھ بتا رہی ہے نظر تو کچھ نہیں آ رہا، صارفین بھی کے الیکٹرک سے مطمئن نہیں، اعلیٰ عدالت بھی اس ادارے سے مطمئن نہیں ہے۔

کے الیکٹرک کے حکام نے بتایا کہ ہم مستقبل میں بجلی ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں، روپے کی قدر میں بہت کمی ہوئی، ڈالر ایکسچینج ریٹ کو ٹیرف میں ایڈجسٹ کیا جائے، سرمایہ کاری پر منافع کی شرح بڑھائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نیپرا اہداف کے مقابلے میں زیادہ سرمایہ کاری کی، ہم نے ڈسٹری بیوشن سسٹم میں 50 ارب اور بجلی پیداوار میں 24 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی، ہم بجلی کی پیداوار کے 900 میگا واٹ کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

کے الیکٹرک حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ٹیرف میں تاخیر سے منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں، ہم نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی کے حصول پر بھی کام کر رہے ہیں، کے الیکٹرک کے پاس 2022ء تک اضافی بجلی ہو گی، 2022ء میں کے الیکٹرک سسٹم کی بجلی طلب کا تخمینہ 4 ہزار میگا واٹ سے زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کے۔الیکٹرک لائسنس میں ترمیم کیلئے عوامی سماعت 21 ستمبر کو ہوگی

نیپرا حکام نے کہا کہ کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری کے اثرات تو نظر نہیں آ رہے، ہم نے بارشوں میں بہت لوڈ شیڈنگ دیکھی ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ بارشوں کے دوران فیڈرز کو سیفٹی کے باعث بھی بند کیا گیا تھا، بارشوں کے باعث ہمیں کچھ فیڈرز 6 روز تک بھی بند رکھنا پڑے، ہم نے نیپرا اہداف کے مقابلے زیادہ سرمایہ کاری کی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک صارفین کیلئے جتنا کچھ بتا رہی ہے نظر تو کچھ نہیں آ رہا، صارفین بھی کے الیکٹرک سے مطمئن نہیں، اعلیٰ عدالت بھی آپ سے مطمئن نہیں، کے الیکٹرک کی باتیں سن کر سرمایہ کاری کے نام پر صارفین پر بوجھ نہیں ڈال سکتے۔

تازہ ترین